فکر و خیالات

آہ کمال خان! تم جیسے گئے ایسے بھی جاتا نہیں کوئی... سید حسین افسر

مرحوم کمال خاں کی صحافتی زندگی کچھ ہندی کے کٹر اور متعصب اخبارات کے ارد گرد بھی کسی زمانے میں گھومتی نظر آئی لیکن وہاں بھی انہوں نے خود کو بچائے رکھا۔

کمال خان کی فائل تصویر
کمال خان کی فائل تصویر تصویر بذریعہ ٹوئٹر

مسکراتا لیکن رعب دار چہرہ، گفتگو میں نرمی، مذکرات میں کشش، انداز بیان میں کھلاپن۔ یہ تھے صحافیوں کے صحافی کمال خاں۔ اپنے کام میں ایماندار، اپنی فکر میں غیر جانبدار اور ان کے طور طریقوں میں اپنائیت تھی۔ ہم ان کو گزشتہ بیس برس سے زیادہ عرصہ سے جانتے پہچانتے اور مانتے تھے۔ ان کے کام کرنے کے انداز میں ان کا ’ہوم ورک‘ صاف جھلکتا تھا۔ کڑوی سے کڑوی بات کو انتہائی نرمی اور سلجھے ہوئے انداز سے پیش کرنے کا کمال ان کو خوب حاصل تھا۔ ملک اور ریاست کے دلخراش حالات میں بھی وہ دیگر صحافیوں کی طرح اپنا آپا نہیں کھوتے تھے۔ وہ خبروں کی تہہ اور اس کے پس منظر کو خوب ٹھوک بجا کر پیش کرتے تھے۔ حکومت وقت کی دھونس اور کسی بھی لالچ سے وہ کوسوں دور تھے۔ اجودھیا، متھرا اور کاشی جیسے موضوعات پر بھی وہ بے باکی، جرأت کا مظاہرہ کرنے سے گریز نہیں کرتے تھے۔

Published: undefined

کمال خان کی رپورٹنگ میں ان کی زبان، ثقافت اور تمدن کی پوری جھلک نظر آتی تھی۔ وہ کبھی غالب کے شعر نقل کرتے تو کبھی کبیر کے دوہے پڑھ کر اپنی رپورٹ کو مزید دلچسپ بنا دیتے تھے۔ ملک کا ماحول جس میں ’گودی میڈیا‘ نے جنم لیا اور صحافیوں کی اکثریت نے جس جانبداری کا مظاہرہ کیا اور حکومت وقت کے مقرب خاص بنے رہے، کمال خاں ان سب تعصبات اور فکری بے ایمانی سے مستثنیٰ و مبرا نظر آتے تھے۔

Published: undefined

مرحوم کمال خاں کی صحافتی زندگی کچھ ہندی کے کٹر اور متعصب اخبارات کے ارد گرد بھی کسی زمانے میں گھومتی نظر آئی لیکن وہاں بھی انہوں نے خود کو بچائے رکھا۔ یہ این ڈی ٹی وی کے مالکان کا کمال تھا کہ انہوں نے اس زر خرید زمانے میں ایسے صحافیوں کو اپنی ٹیم میں رکھا جو نہ فروخت ہو سکتے تھے اور نہ ہی ڈر کر چاپلوسی کر سکتے تھے۔ چینلوں کی اس جنگ میں جہاں صحافیوں کی ایک بڑی ٹکڑی مذہبی تعصبات سے لیس ہے، کمال نے کبھی اپنا دین ایمان اور مذہب سے متعلق خبروں کو فوقیت نہیں دی۔ ان کا نقطۂ نظر واضح تھا، ان کا مرکز و محور ایماندارانہ، جرأت مندانہ اور غیر جانبدارانہ صحافت تھا۔

Published: undefined

کمال خاں سے ہماری جان پہچان نے اس وقت شدت اختیار کر لی جب بہت سے مسائل اور موضوعات کے علاوہ اُردو زبان کے سلسلہ میں گفتگو ہوتی تھی۔ وہ ہندی بیک گراؤنڈ کے صحافی تھے لیکن ان کے حافظے میں اُردو کے لاتعداد اشعار محفوظ تھے۔ ان کا کمال ہی یہی تھا کہ تلخ مباحث میں بھی وہ اُردو اشعار کی شیرینی سے اپنی گفتگو کو مزید دلچسپ بنا دیتے تھے۔ ان میں ملنساری، شرافت، ہمدردی اور گنگا جمنی تہذیب و تمدن ان کا طرۂ امتیاز تھا وہ لپک کر ملتے اور بڑے تپاک سے خیر و عافیت دریافت کرتے۔ وہ صحافتی موضوعات کے علاوہ گھریلو معاملات پر بھی بات چیت کرتے اور یہی وجہ تھی کہ وہ صحافتی برادری میں بڑی عزت سے دیکھے جاتے تھے۔ کمال خاں کچھ صحافیوں کی ذاتی پریشانیوں کو بھی حل کرنے کی ہمہ وقت کوشش کرتے اور اگر ان کو یہ معلوم ہو جائے کہ ان کا کوئی رشتہ دار، دوست اور ہم پیشہ کسی مصیبت میں مبتلا ہے تو وہ حتی المقدور اس کو حل کرنے کی کوشش کرتے۔ ہمارے علم میں ہے کہ کمال خاں بہت خاموشی و انکساری سےعزیز واقارب کی تن من دھن سے مدد کرتے تھے۔ مریضوں کے علاج اور بے سہارا بچوں کی تعلیم کی انہیں فکر رہتی تھی۔ وہ صحافتی زندگی میں اپنے ذاتی فائدے کے لیے سرکاروں اور سیاسی پارٹیوں کے لیڈران سے بہت کچھ حاصل کر سکتے تھے لیکن انہوں نے سرکاری مشینری کا استعمال صرف مستحقین کے لیے ہی کیا۔

Published: undefined

کمال خاں کے انتقال سے صحافت میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا انتہائی مشکل ہے۔ ایسے صحافی کم ہوتے جا رہے ہیں جو بااُصول صحافت کو اپنا مطبع نظر بنائے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ کمال خاں کو عوامی سطح پر بہت شہرت و مقبولیت حاصل ہوئی۔ متعدد انعامات اور اعزاز سے وہ سرفراز کیے گئے جن میں گوینکا جیسا ایوارڈ بھی شامل ہے۔ افسوس کہ کمال خاں 14 جنوری بروز جمعہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔

یہ سچ ہے کہ کمال خاں جیسے انسان اور صحافی برسوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ کمال خاں جیسا بننا واقعی کمال کی بات ہے۔

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined