خواتین مخالف ہونے کی وجہ سے آر ایس ایس میں خواتین نہیں: سشمتا دیو

سشمتا دیو نے کہا کہ اگر لوک سبھا انتخابات میں سنگھ پریوار اقتدار میں پھر آتا ہے تو ملک میں مزید بدحالی آجائے گی، اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ آر ایس ایس کو ووٹ نہ دیں۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/MahilaCongress">@MahilaCongress</a>
تصویر / @MahilaCongress
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کل ہند مہیلا کانگریس کی صدر اور ممبر پارلیمنٹ سشمتا دیو نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کی سوچ پدرانہ نظام والی ہے اس لئے اس میں کوئی خاتون رکن نہیں ہوتی ہے۔

سشمتا دیو نے ’ہم سے ہی آئین‘ موضوع پر منعقد خواتین کانفرنس میں یہ بات کہی۔ کانفرنس میں ملک بھر کی معروف خواتین سیاست دانوں کے علاوہ معروف سماجی کارکنوں‘ ماہرین تعلیم نے حصہ لیا جن میں سابق ممبر پارلیمنٹ ورندا کرات‘ سی پی آئی لیڈر امر جیت کور، اینی راجا، مشہور ماہر اقتصادیات جےئتی گھوش، ماہرسیاسیات نوویدیتا مینن، شبنم ہاشمی ،کویتا سریواستو نے حصہ لیا۔

سشمتا دیو نے کہا کہ اگر لوک سبھا انتخابات میں سنگھ پریوار اقتدار میں پھر آتا ہے تو ملک میں مزید بدحالی آجائے گی۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ آر ایس ایس کو ووٹ نہ دیں۔ انہوں نے سنگھ پریوار کی خواتین مخالف سوچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ سے وابستہ رہنما یہ مانتے ہیں کہ خواتین صبح صبح ورزش نہیں کرسکتی اس لئے انہیں سنگھ کا رکن نہیں مانا جاتا۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/MahilaCongress">@MahilaCongress</a>
تصویر / @MahilaCongress

سی پی ایم پولٹ بیورو کی رکن ورند ا کرات نے تریپورا میں ایک بی جے پی وزیر کے ذریعہ قبائلی خاتون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے فاسشٹ طاقتوں کے خلاف خواتین سے متحد ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق کے لئے لڑنا ہوگا اور تحریک تیز کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تحریک مضبوط ہو تو خواتین ریزرویشن بل منظور ہوجاتا لیکن ہم لوگ حکومت پر زیادہ دباو نہیں ڈال سکے اس لئے ہمیں اپنے حقوق کی حفاظت کے لئے طاقت بڑھانی ہوگی۔ کانفرنس میں مقررین نے ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے مسلم ’ دلت او رعیسائی خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/MahilaCongress">@MahilaCongress</a>
تصویر / @MahilaCongress

مقررین نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے آئینی حقوق کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور ان کی آزادی بھی چھینی جارہی ہے۔
کانفرنس میں معروف سماجی کارکن سعیدہ حامد اور اوما چکروتی نے بھی سماج میں خواتین کے حقو ق کی لڑائی کو منزل تک پہنچانے کے لئے خواتین سے آگے آنے کی اپیل کی ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔