ویڈیو: شکست پر چھلکا شیوراج کا درد، ’ہم سے کیا بھول ہوئی، جو یہ سزا ہم کو ملی‘

ایم پی اسمبلی انتخابات کی شکست کے صدمہ سے سابق وزیر اعلیٰ شیو راج باہر نہیں نکل سکے ہیں، ایک جلسہ کے دوران ان کا درد چھلک گیا اور انہوں نے لوگوں سے پوچھ لیا، ’ہم سے کیا بھول ہوئی، جو یہ سزا ہم کوملی۔‘

user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو ملی کراری شکست کا درد سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ابھی تک ستا رہا ہے اور وہ اپنا غم بھول نہیں پا رہے ہیں۔ کالا پیپل علاقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شیو راج چوہان نے جذباتی انداز میں لوگوں سے گلا کیا۔ انہوں نے شاعرانہ انداز میں لوگوں سے شکوہ کرتے ہوئے بالی ووڈ کے ایک مشہور گانے کی لائن دوہرا دیں اور کہا ’ہم سے کیا بھول ہوئی، جو یہ سزا ہم کو ملی۔‘ شیو راج سنگھ چوہان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

ویڈیو میں شیوراج چوہان کہتے نظر آ رہے ہیں کہ انہوں نے عوام کی بہت خدمت کی لیکن پھر بھی انہیں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے مدھیہ پردیش کے عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ کالا پیپل میں نرمدا میّا (ندی) کا پانی لانے کا منصوبہ بنایا۔ ہم سے کوئی ناراضگی تھی کیا؟ ہم سے کیا بھول ہوئی جو یہ سزا ہم کو ملی۔‘‘ حالانکہ اس کے بعد شیوراج سنگھ چوہان نے فلسفیانہ انداز میں یہ کویتا بھی پڑھی۔ ’’کیا ہار میں، کیا جیت میں، کنچت (قطعی) نہیں بھیبھیت (خوفزدہ) میں، کرتویہ پتھ (فرض کی راہ) پر جو ملے، یہ بھی صحیح، وہ بھی صحیح۔

اس کوتیا سے انہوں نے خود کو مطمئن کرنے کی کوشش کی یا پھر لوگوں میں اپنے تئیں ہمدردی پیدا کرنے کی! یہ تو وہی جانتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اب اگلے پانچ سال تک انہیں اسی طرح لوگوں سے اپنا غم سنا سنا کر وقت گزارنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔