ویڈیو: کانگریس کے انتخابی منشور کا عوام نے کیا خیر مقدم

لوگوں کا کہنا ہے کہ کانگریس نے عام آدمی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک پرفیکٹ منشور تیار کیا ہے، امید ہے کہ یہ وعدے مودی کی طرح جھوٹے ثابت نہیں ہوں گے۔

قومی آواز گرافکس
قومی آواز گرافکس
user

آس محمد کیف

بجنور: کانگریس کے گزشتہ روز جاری کیے گئے انتخابی منشور کا عوام دل و جان سے استقبال کر رہے ہیں اور اسے لوگوں کو راحت دینے والا قرار دیا جا رہا ہے۔ نوجوان آفتاب کے مطابق کانگریس نے عام آدمی کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک پرفیکٹ منشور تیار کیا ہے، امید ہے کہ یہ وعدے مودی کی طرح جھوٹے ثابت نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس جو وعدہ کرتی ہے اسے پورا بھی کر کے دکھاتی رہی ہے۔

بزرگ شاعر قمر بہاروی کے مطابق راہل گاندھی اسی منشور کے سہارے اگلے وزیر اعظم منتخب ہوں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ مدھیہ پردیش اور راجستھان میں کانگریس حکومت کی طرف سے کسانوں کی قرض معافی کر کے اپنے وعدے کو پورا کیا گیا۔ ان کی ’نیائے‘ اسکیم غریبوں کا سہارا بننے کا کام کرے گی۔ مودی کی طرح اس میں جھوٹ نہیں ہوگا، راہل گاندھی کے وعدے منطقی لگتے ہیں۔ کانگریس کا منشور 15 لاکھ کے وعدے کی طرح جھوٹ کا پلندہ نہیں ہے۔ ہم ملک میں سچ بولنے والا وزیر اعظم چاہتے ہیں اور راہل گاندھی سچ بولتے ہیں۔

ماسٹر اسحاق کو لگتا ہے کہ کانگریس اپنے وعدے کے مطابق دلتوں اور مسلمانوں پر مودی حکومت میں ہوئے ظلم و ستم کو روکنے کا کام کرے گی۔ ملک میں جتنے بھی مثبت کام ہوئے ہیں وہ کانگریس نے ہی کیے ہیں۔ غریبوں کو آگے قرض مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 72 ہزار روپے والی اسکیم شاندار ہے۔ راست ادھار لینے والوں کو بھی سہولیت ملے گی۔ یہ سب سے بہترین منصوبہ ہے۔ غریبوں کے تعلق سے پہلی مرتبہ اتنے بہتر طریقہ سے سوچا گیا ہے۔

نوید عالم کہتے ہیں، ’’مودی حکومت نے نوجوانوں کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ انہیں روزگار کے نام پر پکوڑے تلنے کو کہا گیا۔ ہمارے آس پاس تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بھرمار ہے۔ مودی نے 2 کروڑ نوجوانوں کو ہر سال روزگار دینے کا وعدی کیا تھا، وہ جھوٹ ثابت ہوا تھا۔ راہل گاندھی نوجوانوں کو 22 لاکھ روزگار دینے کی بات کر رہے ہیں۔ راہل سچ بولتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کانگریس بے روزگاری کے خلاف سرجیکل اسٹرائیک کرے گی۔‘‘

فوج میں رہ چکے اوم پال سنگھ کہتے ہیں کہ وہ کانگریس کے منشور میں ’ون رینک ون پنشن‘ کی بے ضابطگیوں کا وعدہ دیکھ کر کافی خوش ہیں۔ مودی حکومت سے بھی اس کے لئے مانگ کی گئی تھی لیکن انہوں نے ’ون رینک فائیو پنشن‘ کا کانسیپٹ دیا۔ راہل گاندھی نے سابق فوجیوں سے جو وعدہ کیے تھے اسے نبھایا ہے۔ آگے بھی ان سے امید ہے۔

بادل پرجاپتی کے مطابق کانگریس غریبوں کی فکر کرنے والی پارٹی ہے۔ انتخابی منشور بھی یہی ثابت کرتا ہے۔ خصوصی طور پر غریبوں کے لئے ’نیائے‘ منصوبہ ایک ’وردان‘ کی طرح ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */