ٹینس سنسنی ثانیہ مرزا آسٹریلین اوپن خطاب سے بس ایک قدم دور، ریٹائرمنٹ کا پہلے ہی کر چکی ہیں اعلان

چونکہ بوپنا-ایبڈین کی مردوں کی ڈبلز جوڑی پہلے دور میں اور ثانیہ-دانیلینا کی خواتین کی ڈبلز جوڑی دوسرے دور میں شکست کھا گئی، اس لیے اب بوپنا-ثانیہ دونوں کی نظریں مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ثانیہ مرزا / تصویر ٹوئٹر / @MirzaSania
ثانیہ مرزا / تصویر ٹوئٹر / @MirzaSania
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی ٹینس سنسنی ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا کی جوڑی آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئیہے۔ ہندوستانی جوڑی نے آج سیمی فائنل میں برطانیہ کی نیل اسکوپسکی اور یو ایس اے کی دیسیری کرازجک کی تیسری شیڈیڈ جوڑی کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل ہندوستانی جوڑی کو کوارٹر فائنل میچ میں جیلینا اوسٹاپینکو اور ڈیوڈ ویگا ہرنانڈیز کی لاطویائی اور اسپینش جوڑی کے خلاف واک اوور ملا تھا۔ کوارٹر فائنل میچ میں پہنچنے کے لیے ہندوستانی جوڑی نے اروگوے اور جاپانی جوڑی ایریل بیہار اور مکاٹو نمومیا کو شکست دی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ ثانیہ مرزا پہلے ہی اعلان کر چکی ہیں کہ یہ ان کا آخری گرینڈ سلیم ہوگا۔ فائنل میں پہنچنے کے بعد اب ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اس گرینڈ سلیم پر قبضہ کر کے اپنے ریٹائرمنٹ کو یادگار بنا دیں۔ آسٹریلین اوپن خطاب سے ایک قدم دور ثانیہ کی کامیابی کے لیے نہ صرف ان کے چاہنے والے دعا گو ہیں، بلکہ ہندوستانی ٹینس میں دلچسپی رکھنے والا ہر شیدائی ثانیہ مرزا کو جیت کے ساتھ کورٹ کو الوداع کہتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔


واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور بوپنا کی جوڑی کو ابھی تک رواں آسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز میں صرف ایک سیٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سیمی فائنل میچ میں دوسرے سیٹ میں انھیں قریبی فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چونکہ بوپنا و میتھیو ایبڈین کی مردوں کی ڈبلز جوڑی پہلے دور سے ہی باہر ہو گئی تھی اور ثانیہ مرزا و قزاخستان کی انا دانیلینا کی جوڑی خواتین کی ڈبلز جوڑی کے دوسرے دور میں شکست کھا گئی تھی، اس لیے اب بوپنا اور ثانیہ دونوں کی ہی نظریں مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیتنے پر مرکوز ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */