محمد سراج نے ہندوستان کو پھر دیا فخر کا موقع، وَنڈے رینکنگ میں بنے دنیا کے نمبر 1 گیند باز

بلے بازی میں شبمن گل نے 2 سیڑھی کی چھلانگ لگائی ہے، شبمن گل تازہ رینکنگ میں دنیا کے نمبر 6 بلے باز بن گئے ہیں اور انھوں نے وراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس
محمد سراج، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سراج نے وَنڈے کرکٹ میں دنیا کے نمبر 1 گیندباز ہونے کا تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ آئی سی سی کی تازہ وَنڈے رینکنگ منظر عام پر آنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ عرصہ بعد وَنڈے کرکٹ میں کسی ہندوستانی گیندباز نے نمبر ایک کی کرسی حاصل کی ہے۔ اس طرح محمد سراج نے ایک بار پھر ہندوستان کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔

دراصل محمد سراج نے سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف وَنڈے سیریز میں شاندار گیندبازی کی تھی جس کا انعام انھیں دنیا کے نمبر وَن گیندباز بن کر ملا ہے۔ محمد سراج 729 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر اور آسٹریلیا کے تیز گیندباز ہیزل ووڈ 727 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تیسرے مقام پر نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز ٹرینٹ بولٹ ہیں جن کے 708 پوائنٹس ہیں۔ محمد سراج کے علاوہ محمد شامی کو بھی گیندبازی کی رینکنگ میں فائدہ ملا ہے۔


دوسری طرف بلے بازی میں شبمن گل نے 2 سیڑھی کی چھلانگ لگائی ہے۔ شبمن گل تازہ رینکنگ میں دنیا کے نمبر 6 بلے باز بن گئے ہیں اور انھوں نے وراٹ کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شبمن گل کے 734 پوائنٹس ہیں اور وراٹ کوہلی 727 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما 719 پوائنٹس لے کر نویں نمبر پر ہیں۔ پہلے مقام پر پاکستانی کپتان بابر اعظم ہیں جن کے 887 پوائنٹس ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی راسی وانڈر ڈوسین اور کوئنٹن ڈیکوک بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں۔

جہاں تک وَنڈے کرکٹ میں آل راؤنڈرس کی رینکنگ کا سوال ہے تو ہندوستان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹاپ-10 میں شامل نہیں ہے۔ پہلے مقام پر بنگلہ دیش کے کھلاڑی شکیب الحسن 389 پوائنٹس کے ساتھ ہیں۔ افغانستان کے محمد نبی 310 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن 284 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔