ٹوکیو اولمپک: آسٹریلیا نے ہندوستان کو 7۔1 سے دی شکست

ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 3۔2 سے شکست دی تھی لیکن آسٹریلیا کے سامنے ہندوستانی ٹیم کی ایک نہ چلی اور اسے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ٹوکیو: دنیا کی نمبر ایک ٹیم آسٹریلیا نے جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک ہاکی کے پول اے مقابلے میں اتوار کے روز 7-1 کے بڑے فرق سے شکست دی۔ ہندوستان کی دو میچوں میں یہ پہلی شکست ہے۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 3۔2 سے شکست دی تھی لیکن آسٹریلیا کے سامنے ہندوستانی ٹیم کی ایک نہ چلی اور اسے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا نے سنیچر کو جاپان کے خلاف سست شروعات کی تھی لیکن اس مقابلے میں خطرناک طریقے سے اپنی مہم آگے بڑھائی۔ میچ کے 10 ویں منٹ میں جیکب ویٹن کے زوردار فلک کو جیمس بل نے ڈی فلیکٹ کرکے گول میں پہنچایا دیا۔

ہندوستان نے آٹھویں اور 15 ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن کوئی بھی گول میں نہیں بدلا جاسکا۔ آسٹریلیا نے دوسرے کوارٹر میں اپنی طاقت دکھائی اور اس دوران تین گول کرکے نصف وقت تک اپنی برتری کو 4۔0 پہنچا دیا۔ جیریمی ہیورڈ نے 21 ویں، فلن اوگی لائیو نے 23 ویں اور جوش بیلٹز نے 26 ویں منٹ میں گول کیے۔ ہندوستان نے تیسرے کوارٹر میں 32 ویں اور 33 ویں منٹ میں دو پنالٹی کارنر حاصل کیے لیکن خراب ٹیپنگ اور عملدرآمد کے سبب دونوں ضائع چلے گئے۔ ہندوستان کو آخرکار 34 ویں منٹ میں کامیابی ہاتھ لگی جب روپیندر پال سنگھ کی کوششوں کو دلپریت سنگھ نے ڈفلیکٹ کرکے آسٹریلیا کے کیپر اینڈریو چارٹر کو پریشان کر دیا۔ ہندوستان کو 39 ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر ملا لیکن ہرمن پریت کے شاٹ پر من پریت اپنی اسٹیک لگانے سے چوک گئے۔


آسٹریلیا نے نے جوابی حملہ کیا اور 40 ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک حاصل کرلیا۔ بلیک گوورس کا نشانہ صحیح تھا اور آسٹریلیا 5-1 سے آگے ہوگیا اور پھر انہوں نے 42 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر اپنی ٹیم کو 6۔1 سے آگے کردیا۔ ٹم برانڈ نے 51 ویں منٹ میں آسٹریلیا کا ساتواں گول داغا۔ ہندوستان نے 24 بار آسٹریلیا کے سرکل میں سیندھ لگائی جبکہ آسٹریلیا 22 بار ہی ایسا کر پایا لیکن ہندوستانی کھلاڑی آسٹریلیا کے مضبوط ڈیفنس میں سیندھ نہیں لگا پائے۔ ہندوستان اب اپنے اگلے میچ میں اسپین سے 27 جولائی کو کھیلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔