نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا راجناتھ سنگھ نے کیا افتتاح

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جب صوبیدار نیرج چوپڑا کو طلائی تمغہ دیتے ہوئے ٹوکیو میں قومی ترانہ بجا، تو ہر ہندوستانی کا سینہ فخر سے چوڑا ہوگیا اور اس کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئی تھیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور یہ ان کا خواب ہے کہ ہندوستان کھیلوں کا ایک ملک بنے اور اولمپکس کا اہتمام کرے۔ وزیر دفاع نے ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ میں ملک کو طلائی تمغہ دلانے والے فوج کے صوبیدار نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں کھیلوں کے معیار کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ "میرے خیال میں یہ صرف ایک سرکاری اسکیم نہیں ہے، بلکہ ایک تحریک ہے، جسے ہمیں مزید آگے بڑھانا ہے۔ ہمیں ابھی تک ان کوششوں کے ذریعے کامیابی کی مزید بلندیاں حاصل کرنی ہیں۔"

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ان کوششوں کے نتائج گزشتہ چند سالوں میں دکھائی دینے لگے ہیں۔ 2014 اور 2018 کامن ویلتھ گیمز میں ملک نے بالترتیب 64 اور 66 تمغوں کے ساتھ 5واں اور تیسرامقام حاصل کیا۔ صوبیدار نیرج چوپڑا کی حصولیابی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "کسی بھی کھلاڑی کی زندگی میں سب سے اہم لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ پرچم پکڑتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ جب صوبیدار نیرج چوپڑا کو طلائی تمغہ دیتے ہوئے ٹوکیو میں قومی ترانہ بجا، تو ہر ہندوستانی کا سینہ فخر سے چوڑا ہوگیا اور اس کی آنکھیں خوشی سے نم ہو گئی تھیں۔"


انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے باعث فخر بھی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی خود کھیلوں میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یہ ان کی قیادت میں ہماری حکومت کا کھیل اور ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ محبت اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ میرا خواب ہے کہ ہم ایک کھیلوں کا ملک بنیں جو اولمپکس میں سرفہرست ممالک کے زمرے میں آئے۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ سب اس میں میرا ساتھ ضرور دیں گے۔ میں اس لمحے کے لیے بھی خواب دیکھ رہا ہوں جب بھارت کو اولمپکس کی میزبانی کا موقع ملے گا۔"

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دفاع خاص طور پر مسلح افواج اور کھیلوں کے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کھیل ہی تھا جس نے ایک شیوا نامی بچے کو چھترپتی شیواجی مہاراج بنادیا۔ گرو رامداس، دادو جی کونڈ دیو اور ماتا جیجا بائی نے بچپن سے ہی کھیل کھیل میں ایسی تعلیمات انہیں دیں، جس نے انہیں قومی ہیرو بنا دیا۔ کھیل انسان کو صرف جسمانی ہی نہیں، بلکہ سماجی، عملی جذبات اور ذہنی طورسے بھی مضبوط بناتا ہے۔ اس لیے میرا ماننا ہے کہ ایک سپاہی میں سچا کھلاڑی اور سچے کھلاڑی میں ایک سپاہی ہمیشہ موجود ہوتا ہے۔ "


انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج اسی روایت کو بخوبی آگے بڑھا رہی ہے۔ یہ فخر کی بات ہے کہ ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں میجر دھیان چند، کیپٹن ملکھا سنگھ، کرنل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور اور کیپٹن وجے کمار کی روایت میں اب صوبیدار نیرج چوپڑا نے بھی اپنا نام سنہری حروف میں شامل کیا ہے۔ ساتھ ہی اس نے باکسر صوبیدار میجر ستیش، نائب صوبیدار اویناش سیبل، نائب صوبیدار دیپک پونیا، صوبیدار اروکیا راجیو، نائب صوبیدار وشنو سرونّن، نائب صوبیدار ارون لال جاٹ اور نائب صوبیدار اروند سنگھ کی بہترین کارکردگی کا بھی ذکر کیا۔

رجناتھ سنگھ نے کہا کہ آرمی اسپورٹس انسٹی ٹیوٹ عالمی معیار کا ہے اور اس نے اب تک 34 اولمپین، کامن ویلتھ گیمز کے 22میڈلسٹ، ایشین گیمز کے 21 میڈلسٹ، یوتھ اولمپک گیمز کے چھ میڈلسٹ اور 13 ارجن ایوارڈ یافتہ دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام کھیلوں کو یکساں اہمیت دی جائے۔ ٹوکیو اولمپکس میں خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی خواتین بھی کھیل میں مسلسل بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ آپ خاتون ہاکی ٹیم اور اولمپک میں تمغہ حاصل کرنے والی 3 خواتین کھلاڑیوں کی ہی مثالیں لے لیجئے۔ "بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹ کر کے نیرج چوپڑا سمیت مسلح افواج کے تمام اولمپک کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔