قومی یومِ کھیل: پٹرولیم اسپورٹس پروموشن بورڈ نے سودیوا اکیڈمی میں شاندار تقریب کا کیا انعقاد، نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت
وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انھوں نے اپنے خطاب میں فٹ بال کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کو ظاہر کیا۔

نئی دہلی: پیٹرولیم اسپورٹس پروموشن بورڈ (پی ایس پی بی) نے ’دہلی ساکر ایسوسی ایشن‘ اور ’سودیوا اکیڈمی‘ کے اشتراک سے ’قومی یومِ کھیل 2025‘کے پیش نظر سودیوا اکیڈمی، سول لائنز، نئی دہلی میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں بہترین اسپورٹس کارکردگی اور نوجوانوں کی شرکت دیکھنے کو ملی۔
تقریب کا آغاز پی ایس پی بی کے مشیر للت کمار وتس کے پرتپاک استقبال سے ہوا، جہاں مختلف معزز شخصیات اور کھلاڑیوں کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت میں اضافہ کیا۔ تقریب کا اہم لمحہ ان کھلاڑیوں کی پذیرائی تھی جو پی ایس پی بی کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف کھیلوں میں عالمی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، ساتھ ہی دہلی اسٹیٹ انڈر-20 فٹ بال ٹیم کو بھی قومی چمپئن شپ 2 بار جیتنے پر عزت افزائی کی گئی۔
معزز وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انھوں نے فٹ بال کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے وہ وقت یاد آتا ہے جب ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں کامیابی حاصل کی تھی، جب چُنی گوسوامی اور جرنیل سنگھ جیسے کھلاڑی تھے۔ وہ ہندوستان کے لیے فٹ بال کے سنہری سال تھے، اور دہلی کے امبیڈکر اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ آج بھی میری پسندیدہ یادوں میں شامل ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں ہمیشہ اس کھیل کا پرجوش مداح رہا ہوں اور میں مکمل طور پر اس بات کا عہد کرتا ہوں کہ دہلی اور ملک بھر میں فٹ بال کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کی حمایت کروں گا۔‘‘
اس موقع پر فٹ بال دہلی (دہلی فٹ بال ایسوسی ایشن) کے صدر انوج گپتا نے ہندوستان میں کھیلوں سے متعلق مستقبل کو شکل عطا کرنے میں بنیادی سطح کی ترقی کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ایک شخص کے طور پر میں جو مسلسل نوجوان فٹ بالروں کے ساتھ کام کر رہا ہوں، مجھے پختہ یقین ہے کہ ایک مضبوط بنیادی سطح کا ماحول، خاص طور سے انڈر-17 اور انڈر-20 زمرے میں، ہندوستان کو فٹ بال کی دنیا میں ابھرنے کا بنیاد بنے گا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’چونکہ ملک 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کا خواہاں ہے، یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کی پرورش کریں، انہیں تعاون فراہم کریں اور عالمی سطح پر چمکنے کے راستے فراہم کریں۔‘‘
تقریب میں ایک جوشیلے پنالٹی شوٹ آؤٹ مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا اور میجر دھیان چند میموریل کپ کا آغاز ہوا، جو بچوں کے لیے ایک بنیادی سطح کا فٹ بال ٹورنامنٹ ہے۔ اس میں انڈر-8، انڈر-10 اور انڈر-12 زمرے شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے آغاز سے یہ پیغام عام ہوا کہ کم عمری سے ہی ہنر کی پرورش کی جائے۔ اس سال کی تقریب وزارت یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس کی ملک گیر مہم ’ایک گھنٹہ، کھیل کے میدان میں‘ کے ساتھ ہم آہنگ تھی، جو شہریوں کو روزانہ ایک گھنٹہ جسمانی سرگرمی کے لیے مختص کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
پروگرام کا اختتام کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو کِٹس کی پیشکش کے ساتھ ہوا، جس کے بعد گروپ فوٹوگرافی اور میڈیا انٹریکشن کا عمل انجام پایا۔ اس طرح بنیادی سطح اور اعلیٰ سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لیے پی ایس پی بی کے مستقل عزائم کو ظاہر کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔