فٹ بال: میزبان مالدیپ کو شکست دے کر ہندوستان سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں

ہندوستانی کپتان سنیل چھتری نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے لیے انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، وہ رواں سیزن میں ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔

فٹ بال، تصویر آئی اے این ایس
فٹ بال، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مالے: کپتان اور اسٹار اسٹرائیکر سنیل چھیتری نے دو شاندار گولوں کی بدولت ہندوستانی مردوں کی فٹ بال ٹیم نے بدھ کو یہاں مالدیپ نیشنل اسٹیڈیم میں میزبان مالدیپ کو تین۔ایک سے شکست دے کر سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ اب اتوار کو فائنل میں اس کا مقابلہ پڑوسی نیپال سے ہوگا۔

ہندوستانی کپتان سنیل چھتری نے میچ فاتح کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے لیے انہیں 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔ وہ رواں سیزن میں ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے اس میچ میں دو شاندار گولوں سمیت کل چار گول تھے۔ یہ دو گول انہیں برازیل کے لیجنڈر فٹ بال کھلاڑی پیلے سے بھی آگے لے گئے۔ اب وہ بین الاقوامی گول کرنے کے معاملے میں ارجنٹینا کے عظیم فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔ جبکہ میسی کے نام 80 بین الاقوامی گول ہیں، ان دو گولوں کے ساتھ ، چھتری کے بین الاقوامی گولوں کی تعداد 79 ہوگئی ہے۔


میچ کے بارے میں بات کریں تو فارورڈ منویر سنگھ کے ذریعہ 33 ویں منٹ میں کئے گئے گول کی مدد سے ہندوستان نے میچ میں سبقت حاصل کی، تاہم حریف ٹیم کے اسٹرائیکر حمزہ محمد کے ایک شاٹ پر ہندوستانی ڈفینڈر پریتم کوٹل کے چیلنج کے بعد 45 ویں منٹ ملی پنالٹی نے مالدیپ کو برابری کرنے کا موقع دیا اور مالدیپ کے کپتان اور فارورڈ علی اشفاق نے اس موقع کو نہ گنواتے ہوئے گول داغا اور ایک۔ایک سے اسکور برابر کر دیا۔

اس کے بعد دوسرے ہاف میں ہندوستانی کپتان چھیتری نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 62 ویں منٹ میں شاندار گول کرکے ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی۔ وہ یہیں نہیں رکے اور 71 ویں منٹ میں ایک اور گول کے ساتھ اپنے گول کی تعداد دوگنا کردی۔ انہوں نے کوٹل کے کراس کو سامنے والی ٹیم کے گول پوسٹ میں پہنچایا۔


میچ میں کئی کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ اور پیلے کارڈ دیئے گئے۔ ہندوستان کے ڈفینڈر راہل بھیکے اور لیفٹ بیک مندار راؤ دیسائی کو یلو کارڈ، جبکہ لیفٹ بیک سبھاشیش بوس کو پیلا اور سرخ دونوں کارڈ دیئے گئے، حالانکہ میچ کے اختتام پر سبھاشیش بوس کو میدان میں واپس آنے کی اجازت دے دی گئی۔

واضح رہے کہ سیف چیمپئن شپ کے اس ایڈیشن میں ہندوستان اب تک ناقابل شکست رہا ہے۔ اس نے اپنے پہلے دو میچ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی فٹ بال ٹیم کے ساتھ ڈرا کھیلا تھا اور پھر تیسرے میچ میں نیپال کو ایک۔صفر سے شکست دی تھی۔ ہندوستانی ٹیم اب اتوار کو یہاں فائنل میں اپنا آٹھویں سیف چیمپئن شپ خطاب جیتنے کے لیے نیپال سے مقابلہ کرے گی، جو پہلی بار سیف چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔