کھیلوں میں بھی ڈمی امیدوار، ریاستی سطح کی ریس میں پکڑا گیا فرضی کھلاڑی، ملزم نکلا فوج کا جوان
ریاستی سطحی کراس کنٹری مقابلے میں ڈمی امیدوار پکڑے جانے کے بعد مقابلے کے مقام پرافراتفری مچ گئی اور دوڑ کو کچھ دیر کے لئے روکنا پڑا۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے

راجستھان کے الور ضلع میں منعقدہ ریاستی سطح کے کراس کنٹری مقابلے میں ڈمی امیدوار پکڑے جانے سے کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچ گئی۔ یہ واقعہ الور کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں ہونے والی 10 کلو میٹر دوڑ کے دوران سامنے آیا۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ فوج کا جوان سنیل ، کھلاڑی رشی کپور کی جگہ مقابلے میں دوڑ رہا تھا۔
ریاستی سطحی کراس کنٹری چمپئن شپ میں جے پور،چورو، سری گنگا نگر، کوٹا، باڑمیر، ادے پور، جودھ پور، بھیلواڑہ، جالور، سروہی، پالی، دھول پور، ہنومان گڑھ سمیت ریاست کے سبھی اضلاع سے کھلاڑی شامل ہوئے تھے۔ مقابلے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے تمام کھلاڑیوں کو چیسٹ نمبر جاری کیے گئے تھے۔
سنیل 10 کلو میٹر کی ریس میں پانچویں نمبر پر آیا تھا۔ حالانکہ ریس پوری ہونے کے بعد دیگر کھلاڑیوں کو اس پر شک ہوا۔ کھلاڑیوں کی شکایت کے بعد منتظمین نے جانچ شروع کی تو پتا چلا کہ سنیل ڈمی امیدوار ہے اور اصل کھلاڑی رشی کپور کی جگہ دوڑ میں شامل ہوا تھا۔
ایتھلیٹ کوچ سریندر سنگھ گرجر نے بتایا کہ دوسرے کھلاڑی کی شکایت کی بنیاد پر تحقیقات کی گئی جس میں ڈمی امیدوار کا معاملہ سامنے آیا۔ سنیل کو بعد میں ریس سے باہر کر دیا گیا اور جس کھلاڑی کی جگہ وہ ریس میں شامل ہوا تھا اس کو نااہل قرار دے دیا گیا۔
ضلع ایتھلیٹک ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سکریٹری سریندر کمار گرجر نے بتایا کہ راجستھان اسٹیٹ کراس کنٹری چمپئن شپ کی 10 کلومیٹر دوڑ میں ایک فوجی جوان کو ڈمی امیدوار کے طور پر پکڑا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈمی امیدوار پکڑے جانے کے بعد مقابلے کے مقام پر افراتفری مچ گئی اور دوڑ کو کچھ دیر کے لئے روکنا پڑا۔ مقابلے کے فاتح کھلاڑی قومی سطح کے مقابلے میں حصہ لینے کے لیے جھارکھنڈ کے رانچی جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔