پولیس سے چھپنے کی کوشش میں نوجوان چوتھی منزل سے نیچے جا گرا

جرمنی میں کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب نوجوانوں کے ایک گروپ کے خلاف کارروائی کے لیے دروازے پر پہنچ جانے والی پولیس سے بچنے کی کوشش میں ایک نوجوان چوتھی منزل کی ایک بالکونی سے زمین پر گر گیا۔

پولیس سے چھپنے کی کوشش میں نوجوان چوتھی منزل سے نیچے جا گرا
پولیس سے چھپنے کی کوشش میں نوجوان چوتھی منزل سے نیچے جا گرا
user

Dw

یہ واقعہ جرمنی کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فلیا میں شہر بِیلے فَیلڈ کے قریب وِپرفیُورتھ کے قصبے میں گڈ فرائیڈے کے مسیحی تہوار کی رات پیش آیا۔ جمعہ دو اپریل کی شب چار نوجوان دوست انہی میں سے ایک کے فلیٹ پر اس لیے جمع ہوئے تھے کہ مل کر پارٹی منا سکیں۔

کورونا ضوابط کی خلاف ورزی


جرمنی میں کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے نافذ ضوابط کے تحت دو مختلف گھرانوں کے پانچ سے زیادہ افراد کو آپس میں ملنے کی اجازت نہیں اور ان چاروں نوجوانوں کا تعلق چار مختلف گھرانوں سے تھا۔

ان نوجوانوں کی غیر قانونی پارٹی کے دوران جب موسیقی اور گفتگو کے شور سے ایک ہمسائے نے محسوس کیا کہ اس کے آرام میں خلل پڑ رہا ہے، تو اس نے پولیس کو فون کر دیا۔


رات ساڑھے گیارہ بجے کے قریب جب پولیس نے اس فلیٹ کے دروازے پر پہنچ کر گھنٹی بجائی، تو اندر موجود چاروں نوجوان ڈر گئے اور ان میں سے دو پولیس سے چھپنے کے لیے ڈرائنگ روم سے ملحقہ بالکونی پر چلے گئے۔


ہمسائے کی بالکونی تک پہنچنے کی کوشش

پولیس اہلکار ابھی فلیٹ میں موجود باقی دونوں نوجوانون سے گفتگو کر رہے تھے کہ بالکونی پر جا کر چھپنے والے دو نوجوانوں میں سے ایک 22 سالہ نوجوان چوتھی منزل پر واقع اس بالکونی سے نیچے زمین پر جا گرا۔


یہ نوجوان پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے اور سزا کے خوف سے ایک ملحقہ فلیٹ کی بالکونی میں جا کر چھپنے کی کوشش میں تھا مگر نیچے زمین پر گر گیا اور شدید زخمی ہو گیا۔ اس نوجوان کو فوراﹰ ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے مگر اس کی زندگی خطرے میں نہیں۔

پولیس کے مطابق اس غیر قانونی نجی پارٹی کے شرکاء شراب نوشی کی وجہ سے نشے میں بھی تھے۔ چاروں نوجوانوں کے خلاف کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ پابندیوں کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔