رمضان کے دوران وزن بڑھنے سے کیسے روکا جائے؟ کچھ کارآمد نسخے

رمضان المبارک میں بالعموم خاندانوں کے افراد اور دوست اکٹھے افطار کرتے ہیں۔ افطار پر مختلف النوع کے لذیذ اور چٹ پٹے کھانے اور مشروبات دستر خوان پر چنے جاتے ہیں۔

آسٹریلیا میں روزہ افطار کی فائل تصویر / Getty Images
آسٹریلیا میں روزہ افطار کی فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

دنیا بھر میں افطار پر کم وبیش ایک جیسے ہی کھانے ہوتے ہیں۔ کجھوریں، سموسے، پکوڑے ،سادہ چاول، زردہ، بریانی، مختلف پھل، سبزی، دال، فروٹ چاٹ اور مشروبات وغیرہ۔ یہ سب چیزیں افطار پردسترخوان کی زینت ہوتی ہیں۔ یہ تمام غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اگر روزہ دار افطارکے وقت ضرورت سے زیادہ کھانا کھاتے ہیں تو اس سے ان کے وزن میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

دبئی سے تعلق رکھنے والی ماہر اغذیہ سارہ عبدالغنی کہتی ہیں کہ اگر رمضان میں درج ذیل دس سادہ نسخوں پر عمل کیا جائے تو وزن کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے:

1۔ سحر اور افطار کے وقت کھانے میں پروٹین اور سبزیوں کی اچھی مقدار ہونی چاہیے اور نشاستہ دارغذاؤں کو معتدل مقدارمیں استعمال کیا جائے۔

2۔ تیل میں پکی یا تلی ہوئی اشیاء کے استعمال سے ہرممکن حد تک گریز کیا جائے۔ اوون میں بیک کی گئی اشیاء اور پسیٹریوں کا استعمال بھی محدود کیا جائے۔

3۔ مشروبات کے ذریعے کیلوریز(حرارے) بڑھانے سے گریز کریں۔ ان میں عام جوس، رمضان کے مقبول مشروبات اور سافٹ ڈرنکس وغیرہ شامل ہیں۔


4۔ کھجوریں اور خشک میوہ جات بہت زیادہ مقدار میں کھانے سے پرہیزکریں۔ یہ چیزیں اگرچہ صحت بخش ہوتی ہیں، لیکن ان میں کیلوریز کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے۔

5۔ پیٹ کو مکمل بھرنے سے گریز کریں۔ ہمیشہ اپنی جسمانی ضرورت کا خیال رکھیں اور جب جی بھر جائے تو کھانا چھوڑ دیں اور پیٹ میں مزید اشیاء نہ ٹھونسیں۔

6۔ ہلکی پھلکی نمکین اشیاء(سنیکس) وہ استعمال کریں، جو کم سے کم 70 فی صد قوت بخش ہوں۔ مٹھائیوں کی کم سے کم مقدار استعمال میں لائیں۔

7۔ جب آپ کو بھوک لگی ہو تو مناسب کھانا کھائیں اور مٹھائی یا پیسٹریوں پر گزارہ کرنے سے گریز کریں۔

8۔ دسترخوان پر سحر اور افطار کے وقت بہت زیادہ کھانے چننے سے گریز کریں۔ اس صورت میں آپ کا زیادہ سے زیادہ چیزیں کھانے کو جی چاہے گا۔

9۔ اگر رمضان سے قبل کسرت آپ کا معمول رہا ہے تو اس مشق کو جاری رکھیں۔ البتہ اس کے معمولات میں کمی کر دیں اور ہفتے میں تین سے چار دن ورزش کریں۔

10۔ پورا مہینہ فعال رہیں اور روزانہ 10 ہزار قدم چلیں۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ ایک ہی مرتبہ یہ تمام قدم چلیں بلکہ اس کو افطار سے قبل اور بعد کے اوقات میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔