’باہوبلی‘ راکٹ سے ہندوستانی بحریہ کا اب تک کا سب سے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے میں کامیاب ہوا اسرو
اسرو کا کہنا ہے کہ یہ 4410 کلوگرام وزنی سیٹلائٹ ہندوستان کی سرزمین سے جیو سنکرونس ٹرانسفر آربٹ (جی ٹی او) میں لانچ کیے جانے والا سب سے وزنی سیٹلائٹ ہے۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کا 4000 کلوگرام سے زیادہ وزنی مواصلاتی سیٹلائٹ سی ایم ایس-03 (جی ایس اے ٹی-7آر) کو اتوار (2 نومبر) کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجا گیا ہے۔ یہ سی ایم ایس-03 سیٹلائٹ ہندوستانی بحریہ کا اب تک کا سب سے جدید مواصلاتی سیٹلائٹ ہے، جسے آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا واقع ستیش دھون اسپیس سنٹر سے لانچ کیا گیا ہے۔ اسرو کا کہنا ہے کہ یہ 4410 کلوگرام وزنی سیٹلائٹ ہندوستان کی سرزمین سے جیو سنکرونس ٹرانسفر آربٹ (جی ٹی او) میں لانچ کیے جانے والا سب سے وزنی سیٹلائٹ ہے۔ یہ سیٹلائٹ ایل وی ایم 3-ایم5 راکٹ کے ذریعہ لانچ کیا گیا، جسے اس کے بھاری اٹھانے کی صلاحیت کے لیے ’باہوبلی‘ نام دیا گیا ہے۔
مذکورہ اطلاع اسرو نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ دی۔ اسرو نے پوسٹ میں لکھا کہ ’’ایل وی ایم 3-ایم5 کے لانچ کا دن۔ ہندوستان کا بھاری بھرکم خلائی جہاز آج اتوار (2 نومبر) کو شام 5:26 پر لانچ ہوگا۔‘‘ دوسری جانب اسرو کے ایک افسر نے اتوار کو ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ سے کہا تھا کہ ’’24 گھنٹے کی الٹی گنتی ہفتہ کی شام 5:26 پر شروع ہوئی تھی اور یہ ہموار طریقہ سے جاری ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایل وی ایم-03 اسرو کا بھاری وزن اٹھانے والا نیا لانچ وہیکل ہے اور اس کا استعمال 4000 کلوگرام کے خلائی جہاز کو کفایتی طریقہ سے جی ٹی او میں لانچ کرنے کے لیے کیا جائے گا۔
ہندوستانی بحریہ کے اس سیٹلائٹ کو مکمل طور سے ہندوستان میں ہی ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ بحریہ کے جہازوں، ہوائی جہازوں، آبدوزوں اور بحری آپریشنز کے مراکز کے درمیان تیز اور محفوظ مواصلات قائم کرے گا۔ ساتھ ہی سمندری علاقے میں دشمن کی ہر حرکت پر بھی ہندوستانی بحریہ کی نظر ہوگی۔ 2 ٹھوس موٹر’اسٹریپ-آن‘ (ایس200)، ایک مائع پروپیلنٹ کور اسٹیج (ایل 110) اور ایک کرائیوجینک اسٹیج (سی 25) والا یہ تین مرحلوں والی لانچ وہیکل اسرو کو جی ٹی او میں 4000 کلو گرام تک وزنی بھاری کمیونیکیشن سیٹلائٹ لانچ کرنے میں مکمل خود انحصاری فراہم کرتا ہے۔ ایل وی ایم-03 کو اسرو کے سائنسدانوں کی طرف سے جیو سنکرونس سیٹلائٹ لانچ وہیکل (جی ایس لی وی) ایم کے 3 بھی کہتے ہیں۔ اسرو نے کہا کہ ایل وی ایم3-ایم5 پانچویں آپریشنل پرواز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔