مشن گگن یان: اِسرو نے 3 خلائی مسافروں کا کیا انتخاب، سبھی کا تعلق فضائیہ سے!

انڈین ایئر فورس کی طرف سے 91ویں سالگرہ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں تین جوانوں کی جھلک دکھائی گئی ہے جن کا انتخاب مشن گگن یان کے لیے کیا گیا ہے۔

اسرو کا نیا مشن / تصویر بشکریہ / @ISRO
اسرو کا نیا مشن / تصویر بشکریہ / @ISRO
user

قومی آوازبیورو

چندریان-3 کی کامیابی کے بعد اِسرو نے مشن سورج یعنی آدتیہ ایل-1 کو لانچ کیا، جو کہ تیز رفتاری کے ساتھ سورج کی طرف سفر کر رہا ہے۔ اس درمیان ’مشن گگن یان‘ کو لے کر بھی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اِسرو نے مشن گگن یان کے لیے خلائی مسافروں کا انتخاب بھی کر لیا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں اب تک انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن یعنی اِسرو نے آفیشیل کچھ بھی جانکاری نہیں دی ہے، لیکن ہندوستانی فضائیہ کی ایک ویڈیو سے اس کے واضح اشارے ملے ہیں۔

دراصل ہندوستانی فضائیہ نے 91ویں سالگرہ پر ایک ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی تھی۔ 3 اکتوبر کو پوسٹ کی گئی تقریباً 11 منٹ طویل اس ویڈیو میں فضائیہ کی حصولیابیاں شمار کرائی گئی تھیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ویڈیو میں تین جوانوں کی جھلک دکھائی گئی ہے جن کا انتخاب گگن یان کے لیے کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں تینوں جوان خلائی سفر کی تیاری کرتے نظر آ رہے تھے۔


خلائی سفر کے لیے منتخب جوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے کیونکہ یہ ایک سیکورٹی معاملہ ہے۔ ویسے اِسرو نے مشن گگن یان کو لے کر کئی طرح کی جانکاریاں پہلے ہی دے دی ہیں، مثلاً کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو واقع ایسٹرونوٹ ٹریننگ فیسیلٹی میں تمام سہولیات موجود ہونے اور وہاں مشن گگن یان کو لے کر تربیت دیے جانے جیسی باتیں بتائی گئی ہیں۔ اِسرو اس مشن کے لیے سب سے اہم انسانی سیکورٹی کو مان رہا ہے۔ خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کے لیے کئی جدید تکنیکوں کو ڈیولپ کیا جا رہا ہے۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مشن گگن یان 2024 میں لانچ ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان خلاء میں انسان کو بھیجنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ اس فہرست میں امریکہ، روس اور چین کا نام شامل ہے۔ مشن گگن یان کی پہلی بغیر انسانوں والی پرواز کا تجربہ جلد ہی کیا جائے گا۔ پھر جب حتمی طور پر مشن لانچ ہوگا تو گگن یان کو 3 دنوں کے مشن کے دوران 400 کلومیٹر کے مدار میں بھیجا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔