چندریان-3 کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں کر رہا سفر، انجن فیل ہونے پر بھی لینڈر وکرم کی چاند پر ہوگی سافٹ لینڈنگ

اگر سبھی سنسر اور دونوں انجن کام کرنا بند کر دیں، تو بھی چندریان-3 کا لینڈر وکرم 23 اگست کو چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ میں کامیاب ہوگا، یہ جانکاری اِسرو کے چیف ایس. سومناتھ نے منگل کے روز دی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹوئٹر</p></div>

ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

چندریان-3 کے چاند کی سطح پر اترنے کے دن جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی عوام کی دھڑکنیں بھی تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اس وقت چندریان-3 کامیابی کے ساتھ چاند کے مدار میں سفر کر رہا ہے، یعنی چاند کے چکر لگا رہا ہے۔ 23 اگست کو یہ چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے، لیکن اس کے سامنے کئی طرح کے چیلنجز ہیں جس پر قابو پانے کی سائنسداں پوری کوشش کر رہے ہیں۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اگر سبھی سنسر اور دونوں انجن کام کرنا بند کر دیں، تو بھی چندریان-3 کا لینڈر وکرم 23 اگست کو چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ میں کامیاب ہوگا۔ یہ جانکاری اِسرو کے چیف ایس. سومناتھ نے منگل کے روز دی ہے۔

غیر منفعت بخش ادارہ دِشا ہندوستان کے ذریعہ منعقد 'چندریان-3: ہندوستان کا فخریہ خلائی مشن' موضوع پر ایک گفتگو کے دوران سومناتھ نے کہا کہ لینڈر وکرم کا پورا ڈیزائن اس طرح سے تیار کیا گیا ہے کہ یہ ناکامیوں کو سنبھالنے میں اہل ہوگا۔ انھوں نے جانکاری دی کہ اگر سب کچھ ناکام ہو جاتا ہے، اگر سبھی سنسر ناکام ہو جاتے ہیں، کچھ بھی کام نہیں کرتا ہے، پھر بھی وکرم لینڈر یقینی طور پر لینڈنگ کرے گا۔ اسے کچھ اسی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے، بشرطیکہ پروپلشن سسٹم اچھی طرح سے کام کرے۔


واضح رہے کہ چندریان-3 خلا میں 14 جولائی کو لانچ ہوا اور یہ 5 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہو گیا۔ اسے چاند کے قریب لانے کے لیے مزید تین ڈی-آربیٹنگ کے عمل سے گزرنا ہوگا تاکہ وکرم لینڈر 23 اگست کو چاند کی سطح پر اتر سکے۔ سومناتھ نےبتایا کہ یہ ڈی-آربیٹنگ 9 اگست، 14 اگست اور 16 اگست کو ہوگی۔ اِسرو چیف کا کہنا ہے کہ جب لینڈر آربیٹر سے الگ ہو جائے گا تو چاند پر محفوظ لینڈ کرنے کے لیے اسے ورٹیکل میں لایا جائے گا۔ یہ بہت اہم ہے کیونکہ اس سے پہلے چندریان-2 مشن کے دوران اِسرو اپنے لینڈر کو چاند کی سطح پر اتارنے میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔ سومناتھ نے بتایا کہ ہوریزونٹل سے ورٹیکل سمت میں منتقل کرنے کی صلاحیت وہ عمل ہے جسے ہمیں ٹھیک رکھنا ہے۔ گزشتہ مرتبہ صرف یہیں مسائل پیدا ہوئے تھے اور مشن ناکام ہو گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔