گیانا میں چمکا سورج، ہندوستان کی سات وکٹوں سے فتح

سوریہ کمار یادونے 44 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنا کر میچ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

کلدیپ یادو (28/3) کی بہترین گیند بازی اور سوریہ کمار یادو (44 گیندوں، 83 رن) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے منگل کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دی۔

روومین پاول (19 گیندوں، 40 رنز) کی طوفانی شراکت کی مدد سے ویسٹ انڈیز نے ہندوستان کے سامنے 160 رنز کا ہدف رکھا۔ ہندوستان نے کرو یا مرو کے مقابلے میں 17.5 اوور میں ہدف حاصل کرکے سیریز میں شکست کو ٹال دیا۔


ویسٹ انڈیز کی ٹیم 15 اوورز میں صرف 106 رنز بنا سکی لیکن پاول کی شاندار بلے بازی کے باعث میزبان ٹیم آخری پانچ اوورز میں 53 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہی۔ تاہم سوریہ کمار نے 44 گیندوں میں 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنا کر میچ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا۔ سوریہ کمار بھلے ہی سنچری بنانے سے محروم رہے، لیکن تلک ورما (49 ناٹ آؤٹ) کے ساتھ ان کی 87 رنز کی شراکت نے ہندوستان کو 13 گیندیں باقی رہتے ہدف تک پہنچا دیا۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے ڈیبیو کرنے والے یشسوی جیسوال (ایک) اور شبھمن گل (چھ) کے وکٹ سستے میں گنوا دیئے، لیکن سوریہ کمار کی دھواں دار بلے بازی کی مدد سے مہمان ٹیم پاور پلے میں 60 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ون ڈے سیریز اور پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں فارم کے بغیر رہنے والے سوریہ کمار نے اس میچ میں ایک چوکا لگا کر کھاتہ کھولا، جب کہ دوسری گیند پر چھکا لگا کر اپنے ارادوں کو واضح کر دیا۔


نائب کپتان سوریہ کمار نے آٹھویں اوور میں روماریو شیفرڈ کے لو فل ٹاس کو چوکا لگا کر 23 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ونڈیز کے کپتان پاول نے رنز کو محدود کرنے کے لیے گیند اسپنرز کے حوالے کی۔ تاہم، یہ کوشش بیکار ثابت ہوئی کیونکہ سوریہ کمار نے اپنے رنگ میں لوٹنے کے لیے عقیل حسین کو کور کے اوپر سے چوکا لگایا۔

ایشیا، یورپ اور اوشیانا میں سنچریاں بنانے والے سوریہ کمار کے پاس امریکہ میں سنچری بنانے کا موقع تھا لیکن وہ الزاری جوزف کے ہاتھوں فل ٹاس پر برینڈن کنگ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ سوریہ کمار کے پویلین لوٹنے کے بعد تلک نے بیٹنگ پر حملے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی۔ تلک نے کپتان ہاردک پانڈیا (ناٹ آؤٹ 20) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 43 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ تاہم، تلک اپنی نصف سنچری سے ایک رن دور رہ گئے اور پانڈیا نے چھکا لگا کر ہندوستان کی فتح پر مہر ثبت کردی۔


اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی ویسٹ انڈیز ہندوستانی اسپنرز کے سامنے کھل کر نہیں کھیل سکی۔ کلدیپ یادو، یوزویندر چہل اور اکشر پٹیل نے اپنے درمیان 12 اوورز میں صرف 85 رنز دیے۔ پاور پلے میں ویسٹ انڈیز کے صرف 38 رنز بنانے کے بعد اوپنرز کائل میئرز اور برینڈن کنگ نے خطرہ مول لینا شروع کر دیا۔ اس کوشش میں میئرز 20 گیندوں میں 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر برینڈن کنگ نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے، انہوں نے تین چوکے اور ایک چھکا لگایا، حالانکہ انہوں نے ایسا کرنے میں 42 گیندیں لیں۔ گزشتہ دو میچوں میں نصف سنچریاں بنانے والے نکولس پورن 12 گیندوں پر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جانسن چارلس (14 گیندوں، 12 رنز) بھی بڑا سکور نہ بنا سکے۔ کلدیپ نے اپنے منفرد اسپیل میں چارلس، پورن اور کنگ کے وکٹ لے کر میزبان ٹیم کی کمر توڑ دینے کا کام کیا۔


ویسٹ انڈیز کی ٹیم 16 اووروں میں صرف 113 رنز ہی بنا سکی، حالانکہ اس وقت تک ہندوستانی اسپنرز کے اوور ختم ہو چکے تھے۔ مکیش کمار نے 18ویں اوور کی پہلی گیند سے اپنے اسپیل کا آغاز کرتے ہوئے شمرون ہیٹمائر کو آؤٹ کیا، حالانکہ اس کے بعد پاول ہندوستانی بالنگ پر حاوی رہے۔ انہوں نے مکیش کے اوور کے اختتام سے قبل ایک چوکا لگایا جبکہ اگلے اوور میں انہوں نے ارشدیپ سنگھ کو دو چھکے مار کر 17 رنز کا اضافہ کیا۔

مکیش نے آخری اوور کی پہلی چار گیندوں پر صرف دو رنز دیے لیکن پاول نے پانچویں گیند پر چھکا لگا کر اس اوور میں بھی مطلوبہ رنز حاصل کر لیے۔ کلدیپ نے چار اوور میں 28 رن دے کر تین وکٹ لئے، جبکہ اکشر نے چار اوور میں 24 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ مکیش نے دو اووروں میں 19 رنز دے کر کامیابی حاصل کی۔


ویسٹ انڈیز کو ہندوستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں اب 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 12 اگست کو فلوریڈا کے شہر لاڈر ہل میں آمنے سامنے ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔