رمضان میں سحری کے لئے کچھ خاص پکوان

رمضان میں آسان سے آسان ڈشز بنائیں کیونکہ کہیں کچن میں ہی آپ کو روزہ نہ گزارنا پڑے۔ ایسی چیزیں بنائیں جس میں کم وقت لگے اور روزے دار کو تازہ دم اور صحت مند رکھے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

سیدہ فریعہ

سیدہ فریعہ

برکتوں اور رحمتوں کا مبارک مہینہ ’رمضان‘ اپنی پوری رونقوں کے ساتھ جاری ہے۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ اس ماہ مبارک میں محمدؐ پر قران کریم جیسی مقدس کتاب نازل ہوئی تھی۔ اس لئے اس ماہ کی اپنی اہمیت بہت زیادہ ہے جو قران و سنت دونوں سے ثابت ہے۔ اس میں ہر مرد و عورت، عاقل و بالغ پر روزے فرض ہیں۔ اس ماہ میں لوگ زیادہ سے زیادہ نیکی کرتے ہیں۔ روزوں میں ایک چیز خاص دیکھنے کو ملتی ہے کہ خواتین کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو شاندار ڈشز سحری اور افطار میں پیش کریں جس کی وجہ سے ان کا زیادہ وقت کچن میں ہی گزرتا ہے۔

صبح فجر کا وقت شروع ہونے سے قبل یا طلوع آفتاب سے پہلے جس وقت روزے دار کھانا کھاتے ہیں اس کو سحری کہتے ہیں اور پورے دن خالی پیٹ رہنے کے بعد جب روزے دار روزہ کھولتا ہے یعنی مغرب کی آذان کے وقت کو افطار کہتے ہیں۔ لہٰذا عبادات کے ساتھ ساتھ گھر کی خواتین کی کوشش رہتی ہے کہ سحری اور افطار میں نئے نئے اور توانائی بخشنے والے کھانے بنا کر اپنے اہل خانہ کے سامنے پیش کریں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں گھر والے بھی ایک ہی طرح کی ڈشز کھا کر بور نظر آتے ہیں۔ اس لئے ہماری کوشش ہے کہ آپ کے لئے سحری کی دو آسان اور صحت کے لئے اچھے پکوان اور شیک کی ریسیپی شیئر کی جائے۔ واضح رہے ان کو بنانا بہت آسان ہے۔


1۔ بریڈ کی کھیر

بریڈ کے پکوڑے اور سینڈ وچ تو آپ نے خوب لطف لے کر کھائے ہوں گے۔ بریڈ کی یہ نئی ڈش بنا کر اپنے گھر والوں کو کھلائیں، سب خوش ہو جائیں گے۔

اجزاء (Ingredients)

دودھ: آدھا لیٹر

بریڈ: تین عدد ( کنارے کاٹ لیں)

چینی یا شکر: آدھا کٹوری

ناریل برادا: دو چمچہ (گارنش کے لئے)

الائیچی پاؤڈر: آدھا چمچہ (الائیچی پیس لیں)

پستہ: چھ سات دانے (باریک کٹے ہوئے)

بادام: پانچ چھ دانے (باریک کتے ہوئے)

کشمش: چھ سات عدد

بادام: چھ سات بادام چھلے ہوئے ( پیسٹ کے لئے)

ترکیب: سب سے پہلے مکسر گرائنڈر میں بریڈ کے سلائس کو توڑ کر ڈالیں، اس میں چھلے ہوئے بادام اور ایک کٹوری دودھ ڈال کر گرائنڈ کرلیں۔ دوسری طرف بچے ہوئے دودھ کو ایک ابال دینے کے بعد ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ پھر اس میں بریڈ اور بادام کو جو مکسر میں تیار کیا تھا اس کو ڈال دیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کے دودھ ٹھنڈا ہو چکا ہو۔ گرم دودھ میں ہرگز نہ ڈالیں کیونکہ گرم دودھ میں ڈالنے پر گُڑھِیا پڑنے کا خدشہ رہتا ہے۔


اس کے بعد کرچھی کو لگاتار تھوڑی دیر تک چلائیں اور پھر گیس کی ہلکی آنچ کر دیں۔ پھر اس میں چینی اور الائیچی پاؤڈر ڈال کر ہلکے ہلکے چلائیں۔ جب یہ گاڑھی ہو جائے تو اس کو گیس سے اتار کر ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ فرج میں فوری طور پر نہ رکھیں۔

لیجئے آپ کی لذیذ بڑیڈ کی کھیر بن کر تیار ہو گئی۔ اب باریک کٹے ہوئے ڈرائی فروٹس یعنی ناریل، پستہ، بادام اور کشمش وغیرہ سے اسے سجا لیں۔ یہ آسان اور صحت کے لئے فائدہ مند ریسیپی ہے۔ اسے سحری میں بچوں اور بڑوں کو پیش کیجئے۔ اس ڈش کے ساتھ سحری کی ڈشوں میں اضافہ ہو جائے گا۔


دوسری ریسیپی کھجور اور بادام شیک:

کھجور اور بادام کا شیک سحری میں استعمال کے لئے بہت ہی مفید اور فریش ڈرنک ہے۔ اس کا بنانا انتہائی آسان ہے اور اس کو آپ ضرور استعمال کریں۔ مفید اس لئے کہ اس کے استعمال کے بعد روزے دار کو کسی قسم کی بد ہضمی کی شکایت نہیں ہوتی۔

اجزاء (ingredients)

کھجور: سات آٹھ عدد

بادام: چودہ پندرہ عدد

دودھ: ایک گلاس (ٹھنڈا)

ترکیب:

ایک کٹوری میں کھجور رکھ لیں اور ان کی گھٹلی نکال لیں۔ اس کے بعد اس میں ایک کپ نیم گرم پانی ڈال کر تقریباً آدھا گھنٹے کے لئے بھگو دیں۔ آپ سادہ پانی میں رات بھر بھی بھگو کر رکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح بادام بھی ایک کٹوری میں بھگو کر رکھ دیں۔آدھا گھنٹے بعد بادام کے چھلکے چھیل کر الگ کر دیں ساتھ ہی ایک گلاس ٹھنڈا دودھ ڈال کر سب کو بلینڈ کر لیں۔ ٹھنڈا دودھ نہ ہو تو برف کے ٹکڑے مکسر گرائنڈر میں ڈا ل سکتے ہیں۔ لیجیئے آپ کا کھجور بادام شیک تیار ہو گیا۔ اس کو سرو کریں اور اس کو مزید ذائقے دار بنانے کے لئے اوپر سے ڈرائی فروٹس ڈال دیں۔ رمضان میں آسان سے آسان ڈشز بنائیں کیونکہ کہیں کچن میں ہی آپ کو روزہ نہ گزارنا پڑے۔ ایسی چیزیں بنائیں جس میں کم وقت لگے اور روزے دار کو تازہ دم اور صحت مند رکھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔