’متاثرہ خاندانوں کے لیے صرف دعا...‘، احمد آباد طیارہ حادثہ پر مولانا محمود مدنی کا اظہارِ رنج و الم
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے احمد آباد میں پیش آئے ایئر انڈیا طیارہ حادثہ پر گہرے رنج و الم کا اظہارکیا اور کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے صرف دعا اور دلی ہمدردی ہی سہارا بن سکتی ہے۔
مولانا محمود مدنی
نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے احمد آباد میں پیش آئے اندوہناک طیارہ حادثہ پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ یہ حادثہ صرف متاثرہ خاندانوں ہی کا غم نہیں، بلکہ پورا ملک اس درد اور المیہ میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو زندگیاں اچانک اس سانحہ کی نذر ہو گئیں، ان کے خاندان اور بعض قومی اہمیت کی حامل شخصیات کے تناظر میں ملک کے لیے یہ خلا کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔ وہ لوگ جو اپنے اعزہ و اقربا کو حسب معمول رخصت کر رہے تھے، ان کے تصور سے پرے یہ بات تھی کہ یہ جدائی ہمیشہ کی جدائی بن جائے گی۔ ایسے لمحات میں جذبات کے اظہار میں الفاظ بے بس ہو جاتے ہیں، صرف دعا اور دلی ہمدردی ہی سہارا بن سکتی ہے۔
مولانا مدنی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لیے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومت ہند اور متعلقہ ایجنسیوں سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کی اکائیوں کو بھی تلقین کی کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے رجوع کریں، ان کے دکھ درد میں شریک ہوں اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، ان کا درد ہمارا درد ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔