جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام نئی دہلی میں وقف رجسٹریشن کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم
جمعیۃ نے اپیل کی ہے کہ تمام رجسٹرڈ اوقاف کی تفصیلات امید پورٹل پر فوراً اپلوڈ کرانے سے متعلق بیداری پیدا کریں، باہمی تعاون کے لیے وقف ہیلپ ڈیسک برائے امید پورٹل رجسٹریشن قائم کریں۔

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے اس امر پر زور دیا ہے کہ وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے مطابق جو اوقاف رجسٹرڈ ہیں، ان کی تفصیلات دفعہ 3 بی کے مطابق ’امید‘ (UMEED) پورٹل پر اپلوڈ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے عارضی فیصلہ میں بھی اس پر کوئی روک نہیں لگائی ہے۔ لہٰذا یہ عمل 5 دسمبر 2025 سے قبل لازمی طور پر مکمل کیا جانا ہے۔
ایسی صورت میں جمعیۃ علماء ہند اپنی تمام اکائیوں، دینی و سماجی اداروں، ائمہ مساجد، متولیان اوقاف اور علمائے کرام سے پُرزور اپیل کرتی ہے کہ:
اپنے علاقوں میں موجود تمام رجسٹرڈ اوقاف کی تفصیلات امید پورٹل پر فوراً اپلوڈ کرانے سے متعلق بیداری پیدا کریں، باہمی تعاون کے لیے وقف ہیلپ ڈیسک برائے امید پورٹل رجسٹریشن قائم کریں۔
بالخصوص مساجد، مدارس و قبرستان، خانقاہ و درگاہ کے متولیان بلا تاخیر لازمی تفصیلات جمع کر کے امید پورٹل پر اپلوڈ کریں۔ پورٹل کا آفیشیل لنک ہے: umeed.minorityaffairs.gov.in
اگر یہ عمل بروقت مکمل نہ کیا گیا تو اوقاف کی ایسی جائیدادوں کی قانونی حیثیت متاثر ہو سکتی ہے۔
اس سلسلے میں مرکز دفتر جمعیۃ علماء ہند (نئی دہلی) میں بھی ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ وقف کے اندراج کے سلسلہ میں کسی بھی تعاون کے لئے ہیلپ ڈیسک کے ان نمبروں پر رابطہ کریں 9670672842/7409856082۔ اس کےعلاوہ جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے مغربی یوپی میں جلد مزید ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔