جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 30 ٹرک امدادی سامان روانہ

’’جب ہم سفید و کالی دھاری والے جھنڈے دیکھتے ہیں تو سمجھ جاتے ہیں کہ یہ قافلہ ہماری مدد کے لیے آیا ہے۔‘‘ سکھ بھائیوں نے یہ کہتے ہوئے صدر جمعیۃ مولانا محمود اسعد مدنی کی انسانیت دوستی کی ستائش کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر: بذریعہ پریس ریلیز</p></div>
i
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر آج  جمعیۃ ریلیف سینٹر لدھیانہ سے تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کے امدادی سامان پر مشتمل 30 ٹرکوں کا قافلہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع کی جانب روانہ کیا گیا۔ اس قافلے کی قیادت جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب و ہماچل پردیش کے ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد یحییٰ کریمی نے کی جو سلطان پور لودھی، کپور تھلہ، اجنالہ، ترنتارن، فاضـلکہ، گرداسپور، فیروزپور، لدھیانہ اور دیگر متاثرہ علاقوں کے لیے روانہ ہوا۔

روانگی کے موقع پر جمعیۃ علماء کے مرکزی و مقامی ذمہ داران کے ساتھ پنجاب حکومت کے وزیر و دیگر سرکردہ سماجی و سیاسی رہنما اور بڑی تعداد میں سکھ بھائی شریک ہوئے۔ مقامی سکھ برادری نے جمعیۃ علماء ہند کے خدمتِ خلق کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہم سفید و کالی دھاری والے جھنڈے کو دیکھتے ہیں تو یہ سمجھ جاتے ہیں کہ یہ قافلہ ہماری مدد اور دوستی کے لیے آیا ہے۔‘‘


اس موقع پر مولانا محمد یحییٰ کریمی نے صدرِ جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ مولانا مدنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند بلاتفریق مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھتی ہے۔ ساری دنیا اللہ رب العزت کا کنبہ ہے، اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک وہی سب سے بہتر انسان ہے جو اس کے کنبے سے محبت کرتا ہے۔ ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ساتھ اس مصیبت کی گھڑی میں کھڑے ہیں۔ اصل مدد کرنے والا تو ہمارا خالق ہے، ہم تو بس اس کے بندے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہماری اپیل پر اہلِ میوات، مغربی یوپی، گجرات سمیت پورے ملک کے لوگوں نے دل کھول کر تعاون کیا، اور یہ سب کچھ محض اللہ کی خوشنودی کے لیے کیا گیا۔ سکھ بھائی دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کے لیے مشہور ہیں، اور جو دوسروں کی مدد کرتا ہے اللہ بھی اس کی مدد کے لیے اپنے نیک بندوں کو بھیجتا ہے۔‘‘

جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 30 ٹرک امدادی سامان روانہ

مولانا یحییٰ کریمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی نگرانی میں میوات کی پوری ٹیم، مفتی محمد سلیم (ساکرس)، مفتی عارف (لدھیانہ)، جمعیۃ یوتھ کلب کے سرگرم کارکنان جمعیۃ علماء مغربی یوپی، گجرات وغیرہ کے ذمہ داران پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں شب و روز ریلیف اور بازآبادکاری کے کام میں مصروف ہیں، اور یہ ٹیم اس وقت تک میدان میں رہے گی جب تک ضرورت باقی ہے۔


قافلہ روانگی کے موقع پر موجود اہم شخصیات میں مولانا محمد یحییٰ کریمی، ماسٹر محمد قاسم مہوں، قاری محمد اسلم بڈیڈوی، مفتی سلیم ساکرس، حاجی نوشاد عالم لدھیانہ، حاجی محمد فرقان لدھیانہ، گیانی کیول سنگھ (سابق جتھیدار تخت شری دم دما صاحب)، کرم جیت سنگھ سرپنچ کھانسی کلاں، اجیت سنگھ سرپنچ کھانسی خرد، ریاستی وزیر حکومتِ پنجاب ہردیپ سنگھ منڈیا، مولانا علاء الدین ہاپوڑ مع قافلہ، مفتی ارشد میر گجرات، مولانا نورالبشر، ماسٹر ارشد مظفر نگر، ماسٹر جمیل، رحمت اللہ پوکرن، راجستھان، مولانا الشمس لدھیانوی جنرل سکریٹری، جمعیۃ علماء ضلع لدھیانہ، مفتی انس مظاہری، حاجی جمال امیر جماعت ضلع لدھیانہ، حافظ تسنیم، دلجیت سنگھ گریوال، کلدیپ سنگھ سیکھوں، گرمل سنگھ گل، گردیپ سنگھ، اندرجیت سنگھ (سابق سرپنچ)، گیان پرگاس ٹرسٹ بڈھیوال کے سرپرست میجر سنگھ گیان پرگاس سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ بعد ازاں سلطان پور لودھی میں سنت بلبیر سنگھ سیچیوال (ممبر راجیہ سبھا) نے قافلے کا استقبال کیا اور قائد جمعیۃ حضرت مولانا محمود مدنی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کو بلند الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔