ہیمنت بسوا سرما معاملہ: ’سپریم کورٹ کے رد عمل سے عدالت کی ساکھ متاثر ہوگی‘، جمعیۃ علماء ہند
مولانا محمود مدنی نے کہا کہ دستور ہند کی دفعہ 32 کو ڈاکٹر امبیڈکر نے آئین کا ’دل اور روح‘ قرار دیا تھا، کیونکہ یہ شہریوں کو اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کا حق دیتا ہے۔

نئی دہلی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کی جانب سے ’نفرت انگیزی اور شرانگیزی‘ کے معاملہ میں دائر عرضیوں پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی طرف سے عرضی گزاروں کو متعلقہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت اور تبصرہ پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اسے انصاف پسند حلقوں کے لیے مایوس کن طرز عمل قرار دیا ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ دستور ہند کی دفعہ 32 کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے آئین کا ’دل اور روح‘ قرار دیا تھا، کیونکہ یہ شہریوں کو اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کا حق دیتا ہے۔ ایسے معاملات، جن کا تعلق نفرت انگیزی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور کسی طبقے کے جینے کے حق سے ہو، ان میں عدالت عظمیٰ سے مضبوط اور واضح قدم اٹھانے بلکہ از خود نوٹس سے متعلق کارروائی کی توقع کی جاتی ہے۔
مولانا مدنی نے کہا کہ جب ملک کے ایک وزیر اعلیٰ کے ذریعہ نفرت انگیزی کے معاملے میں براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے اور جواباً اسے انتخابی سیاست سے جوڑ کر کمزور نوعیت کا معاملہ بتایا جائے، تو عوام کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہونا فطری ہے کہ کیا ہمارا عدالتی نظام حکومت کے سامنے گھٹنے تو نہیں ٹیک رہا، یا وزیر اعلی ٰکے مفاد کو انصاف پر ترجیح دی جا رہی ہے؟ اس قسم کا احساس نہ صرف مایوسی کو فروغ دیتا ہے بلکہ عدالت کے عوامی احترام اور اس کی ساکھ پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
مولانا مدنی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء ہند عدلیہ کے ادارہ جاتی احترام پر یقین رکھتی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی سمجھتی ہے کہ نفرت انگیز تقاریر اور فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی کے معاملات میں غیر معمولی سنجیدگی، غیر جانبداری اور تیز رفتار انصاف ناگزیر ہے۔ بالخصوص جب معاملہ کسی ریاست کے وزیر اعلیٰ سے متعلق ہو تو اسے براہ راست سپریم کورٹ میں سنا جانا چاہیے، تاکہ ملک کے وقار اور آئینی بالادستی کو چیلنج کرنے والوں کو واضح پیغام مل سکے۔
مولانا مدنی نے اعلان کیا کہ جمعیۃ علماء ہند ہائی کورٹ سے بھی رجوع کرے گی تاکہ امن و انصاف پر یقین رکھنے والی اکثریت کو مایوسی نہ ہو اور ملک میں انصاف و مساوات کا نظام مضبوط اور مستحکم رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔