دہلی: مصطفی آباد میں مدنی حج ٹریننگ سینٹر کے زیر اہتمام 15 روزہ حج تربیتی پروگرام اختتام پذیر

اپنے خطاب کے دوران مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ’’حج ایک عظیم عبادت ہے۔ جب کسی پر فرض ہو جائے تو تاخیر نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ یہ زندگی میں ایک ہی مرتبہ فرض ہوتا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>حج تربیتی پروگرام کا منظر</p></div>

حج تربیتی پروگرام کا منظر

user

پریس ریلیز

دہلی: مدنی حج ٹریننگ سینٹر کے زیر اہتمام اور مسجد مدینہ، مصطفی آباد دہلی میں مولانا اخلاق قاسمی (امام و خطیب مسجد ہذا) کی نگرانی میں منعقدہ 15 روزہ حج تربیتی پروگرام آج اختتام پذیر ہوا۔ آخری نشست میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے اہم خطاب میں فرمایا کہ ’’اللہ تعالیٰ کا ہم پر عظیم احسان ہے کہ اس نے ہمیں دینِ اسلام عطا فرمایا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کو ہمارے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ایک مکمل نمونہ ہے، جس سے ہمیں سیکھنے، رجوع کرنے اور عمل کرنے کی مسلسل ضرورت ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بار بار اپنے گھر کی زیارت نصیب فرمائے، اور ہمیں بیت اللہ کے سامنے نماز ادا کرنے اور روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حاضری کا شرف حاصل ہو۔‘‘

اپنے خطاب کے دوران مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ’’حج ایک عظیم عبادت ہے۔ جب کسی پر فرض ہو جائے تو تاخیر نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ یہ زندگی میں ایک ہی مرتبہ فرض ہوتا ہے۔ اگر موقع ضائع ہو جائے تو صرف حسرت باقی رہ جاتی ہے۔ یاد رکھیں، فرض حج کو ترک کرنا گناہِ کبیرہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارے ملک میں کئی ایسی شخصیات گزری ہیں جنہوں نے دینداری، خدمتِ خلق اور زہد و تقویٰ میں اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔ ان میں حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ نمایاں ہیں، جنہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر دین و ملت کی خدمت سے پیچھے نہ ہٹے۔ ان کی سادگی، خشوع اور عاجزی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’دین صرف عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ معاملات کی درستگی، امانت، صداقت اور عدل و انصاف بھی دین کا اہم حصہ ہیں۔ آج ہمیں سب سے زیادہ ضرورت اپنے کردار میں اصلاح کی ہے۔ اگرچہ ہم نماز پڑھتے ہیں، روزے رکھتے ہیں، زکوٰۃ دیتے ہیں، لیکن اگر ہمارے معاملات میں جھوٹ، خیانت اور ظلم ہو تو ہماری عبادات بے اثر ہو جاتی ہیں۔‘‘


قرآنِ پاک کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا قاسمی نے کہا کہ ’’قرآن اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے، جو صرف رمضان کے لیے نہیں بلکہ ہر دن کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ ہمیں اس کی تلاوت، فہم اور عمل کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔ سنت کے مطابق نماز کی ادائیگی، تراویح کا وقار، اور قرآن کی حرمت کا پاس رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ قرآن کو بے ترتیبی اور جلد بازی میں پڑھنا اس کی توہین ہے۔‘‘ آخر میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ہم سب کو ایک دن اللہ کے حضور جواب دینا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اعمال کی اصلاح کریں، دلوں کو پاک کریں، دوسروں کے حقوق ادا کریں اور اپنی زندگی کو سنتِ نبوی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔‘‘

اس موقع پر مولانا عظیم اللہ صدیقی اور مولانا ضیاء اللہ قاسمی نے بھی خطاب فرمایا۔ مولانا اخلاق قاسمی نے ناظم عمومی جمعیت علماء ہند و دیگر  کا استقبال کرتے ہوئے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ انتظام کیا گیا تھا، اور متعدد علماء نے اس میں تربیت فراہم کی۔ پروگرام کے اختتام پر مصطفی آباد میں حالیہ مکان حادثے کے متوفین و متاثرین کے لیے خصوصی دعا کا بھی اہتمام کیا گیا، اور مجلس کا اختتام ناظم عمومی کی دعا پر ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔