پنجاب الیکشن: عجب پاکستان میں سیاست کا غضب کھیل، وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کو ہی مسترد کر دیا

پاکستانی سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ 8 اکتوبر کو پنجاب میں انتخاب کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں 30 اپریل سے 15 مئی کے درمیان انتخابات کرانے کا حکم صادر کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پاکستانی سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پاکستانی سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

پاکستان کو اس وقت صرف معاشی بحران کا ہی سامنا نہیں ہے، بلکہ وہاں کی سیاست بھی زبردست بحران میں دکھائی دے رہی ہے۔ آج پاکستانی سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کے ذریعہ 8 اکتوبر کو پنجاب میں انتخاب کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں 30 اپریل سے 15 مئی کے درمیان انتخابات کرانے کا حکم صادر کیا۔ بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ کے فیصلے کو مسترد کر دیا گیا۔

پاکستانی میڈیا ’جیو‘ کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب انتخاب سے متعلق سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے الیکشن سے متعلق فیصلے کو  پارلیمنٹ کی قرارداد سے متصادم قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اقلیتی فیصلہ ہے لہذا کابینہ اسے مسترد کرتی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل عمل نہیں ہے۔


پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایوان میں آواز بلند کرے گی، اتحادی جماعتیں ایوان میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بات کریں گی، سپریم کورٹ کے فیصلہ پر ایوان میں حکومت اپنا مؤقف پیش کرے گی۔ کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے متعلق مختلف آپشنز کے حوالے سے ٹاسک دے دیا ہے اور اجلاس میں اتفاق ہوا کہ کوئی فورم خالی نہیں چھوڑا جا سکتا، اقلیتی فیصلے کو زبردستی اکثریت پر نہیں تھوپا جا سکتا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملک کسی بھی آئینی اور سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس درمیان تمام اتحادیوں نے وزیر اعظم کو مکمل اعتماد کا یقین دلایا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے قرآن کی آیت سے ابتدائی  فیصلہ سنانے کا آغاز کیا، فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔


عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو انتخابات کرانےکا حکم غیر آئینی قرار دے دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ  الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے، صدر مملکت کی دی گئی تاریخ کا فیصلہ بحال کیا جاتا ہے، آئین وقانون انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنے کا اختیار نہیں دیتا، 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تب انتخابی عمل پانچویں مرحلے پر تھا، الیکشن کمیشن کے آرڈر  کے باعث 13 دن ضائع ہو گئے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی فیصلہ کیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر دائرہ  اختیار سے تجاوز کیا، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10اپریل ہوگی، 17 اپریل کو الیکشن ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ کرے گا، پنجاب میں امیدواروں کی حتمی فہرست 18 اپریل کو شائع کی جائیں، انتخابی نشانات 20 اپریل تک الاٹ کیے جائیں۔


سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ پنجاب میں انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کرائے جائیں، وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے کا فنڈ جاری کرے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنے کی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بنچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے، فنڈ نہ ملنے کی صورت میں سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرے گا۔

سپریم کورٹ کے فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو سیکورٹی پلان دے، پنجاب کی نگران کابینہ اور چیف سکریٹری 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو انتخاباتی عملے کے لیے رپورٹ کریں، نگران حکومت پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام معاونت اور  وسائل فراہم کرے، وفاقی حکومت  انتخابات کے لیے وسائل اور معاونت فراہم کرے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت انتخابات کے لیے افواج، رینجرز، ایف سی اور دیگر اہلکار فراہم کرے، وفاقی حکومت 17 اپریل تک الیکشن کمیشن کو سیکورٹی پلان فراہم کرے، وفاقی حکومت اور نگران حکومت پنجاب نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا تو کمیشن عدالت کو آگاہ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔