پشاور: مسجد دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 92 ہوئی

پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد مسجد کی چھت منہدم ہوگئی، مجموعی طور پر 63 لاشوں اور 157 زخمیوں کو ملبے سے نکالا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے پشاور میں ایک مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد آج بڑھ کر 92 ہوگئی ہے۔ اس کی تصدیق لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم نے کی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ ) کے ترجمان محمد عاصم نے 92 افراد کے مرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٓسپتال لائے گئے تمام افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت اسپتال میں بم دھماکے کے 57 زخمی زیر علاج ہیں، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں مجموعی طور پر 157 زخمی لائے گئے تھے جن میں بیشتر کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے دھماکے سے متعلق اپنی ابتدائی رپورٹ میں کہا ہے کہ پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں ایک بج کر 15 منٹ پر دھماکا ہوا جہاں 300 سے 350 افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش تھی۔


پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد مسجد کی چھت منہدم ہوگئی، مجموعی طور پر 63 لاشوں اور 157 زخمیوں کو ملبے سے نکالا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی مدد سے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، ملبے کے نیچے سے ایک سر بھی ملا ہے جب کہ دھماکے کی نوعیت جاننے سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، دھماکے کے خودکش ہونے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا جب کہ دھماکے کی مختلف پہلوؤں اور زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔

دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچے تھے، جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر بھی ان کے ساتھ تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع پر مامور اداروں پر حملے کرکے خوف اور دہشت کی فضا پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں لیکن اس کو ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔ وزیراعظم نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہریوں کا ناحق خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔


خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ میں ترک خبر رساں ادارے کے مطابق دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور میں پولیس لائنز مسجد کو ہدف بنانے والے اس دہشت گرد حملے کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر ترکیہ کو سخت صدمہ پہنچا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، انہوں نے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور عوام سے تعزیت کا اظہارکیا اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کے دعا کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔