پاکستانی رکن پارلیمنٹ عامر لیاقت کی پراسرار موت پر خلع کی خواہاں بیوی حیران!

عامر لیاقت حسین کی تیسری بیوی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’اللہ انھیں معاف کرے، لیکن یہ واقعی میں حیران کرنے والا ہے۔‘‘

عامر لیاقت حسین کا انتقال
عامر لیاقت حسین کا انتقال
user

قومی آوازبیورو

خود سے 31 سال چھوٹی سیدہ دانیہ شاہ سے تیسری شادی کرنے اور پھر کچھ ہی ماہ بعد دانیہ کے ذریعہ خلع کا مطالبہ کیے جانے پر پاکستانی رکن پارلیمنٹ عامر لیاقت حسین لگاتار سرخیوں میں رہے۔ اب ان کی پراسرار حالت میں موت کی وجہ سے سبھی حیران ہیں۔ جمعرات کو 49 سالہ عامر لیاقت کا انتقال کراچی واقع ان کی رہائش پر ہوا۔ وہ بیہوشی کی حالت میں کمرے میں پائے گئے۔ انھیں فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ہے۔ قومی اسپیکر پرویز اشرف نے ایوان میں ان کی موت کی تصدیق کی جس کے بعد پارلیمنٹ کی کارروائی کو 10 جون تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

عامر لیاقت حسین کی موت کی خبر پھیلنے کے بعد خلع (علیحدگی) کی خواہاں ان کی تیسری بیوی سیدہ دانیہ شاہ کا رد عمل سامنے آیا ہے اور انھوں نے انتہائی حیرانی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’اللہ انھیں معاف کرے، لیکن یہ واقعی میں حیران کرنے والا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ سیدہ دانیہ سے عامر لیاقت کی شادی رواں سال کے شروع میں ہی ہوئی تھی۔ لیکن جلد ہی دونوں کے درمیان نااتفاقی کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ عامر لیاقت سے خلع کے لیے دانیہ نے عدالت میں عرضی بھی داخل کی ہوئی ہے جس میں عامر لیاقت سے 15 کروڑ روپے اور زیورات کا مطالبہ رکھا گیا تھا۔ دانیہ نے عرضی میں کہا تھا کہ ’’عامر مجھے چھوٹے سے کمرے میں رکھتا ہے، نشے میں مجھے پیٹتا ہے اور میرے گھر والوں کو سنگین نتیجے بھگتنے کی دھمکی دیتا ہے۔‘‘


واضح رہے کہ عامر لیاقت کا کچھ وقت پہلے پرائیویٹ ویڈیو بھی وائرل ہوا تھا۔ اس کا الزام عامر نے تیسری بیوی دانیہ پر لگایا تھا۔ رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ویڈیو میں عامر کے بستر پر ڈرگس رکھی ہوئی تھی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لیاقت نے کہا تھا ’’دانیہ نے جو کیا، وہ نکاح جیسے پاک رشتے کو تار تار کرنے والا ہے۔ انھوں نے نکاح کی پرائیویسی اور بھروسہ کو توڑا ہے۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ عامر اپنی پرائیویٹ ویڈیو لیک ہونے کے بعد سے بہت مایوس تھے اور انھوں نے ملک چھوڑنے تک کا اعلان کر دیا تھا۔

بہرحال، عامر لیاقت کی موت کے بعد پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت کے کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا اور جب ہاؤس اسٹاف نے کئی بار ان کا دروازہ کھٹکھٹایا تو انھیں کوئی جواب نہیں ملا۔ ان کے گھر پر کام کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی گزشتہ رات سے ہی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ انھیں سینے میں درد ہو رہا تھا۔ اس درمیان لیاقت کے ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ انھوں نے ایک دن پہلے ان کے کمرے سے چیخنے کی آواز سنی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Jun 2022, 6:40 PM
/* */