پاکستان: 21 چرچ میں توڑ پھوڑ کے بعد جاگی اسلام آباد پولیس، اقلیتی طبقہ کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل

پاکستان میں اقلیتی طبقہ اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے 70 اراکین پر مشتمل اسپیشل ٹیم بنائے جانے کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پاکستان کے فیصل آباد واقع چرچ کو نذرِ آتش کیا گیا، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BishopAzadM">@BishopAzadM</a></p></div>

پاکستان کے فیصل آباد واقع چرچ کو نذرِ آتش کیا گیا، تصویر@BishopAzadM

user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں مذہب کے نام پر اقلیتوں کے خلاف مظالم کی خبریں اکثر سامنے آتی رہتی ہیں۔ توہین رسالت یا اسلام مخالفت کے نام پر تشدد جیسے معاملے بھی پیش آتے رہتے ہیں۔ 16 اگست کو پاکستان کے پنجاب علاقہ کے فیصل آباد شہر میں جرانوالہ علاقے میں بھیڑ کے ذریعہ کئی چرچ کو توڑنے کے بعد اسلام آباد پولیس نے جمعرات کو ایک بڑا قدم اٹھایا۔ اسلام آباد پولیس نے اس ضمن میں قومی راجدھانی میں اقلیتی طبقہ اور ان کی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لیے 70 اراکین پر مشتمل ایک اسپیشل ٹیم تشکیل دی ہے۔

دراصل گزشتہ روز پاکستان میں 21 چرچ اور عیسائیوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور انھیں نذرِ آتش بھی کیا گیا۔ اتنا ہی نہیں، ایک عیسائی قبرستان اور مقامی اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ جمعرات کو علاقے میں تشدد کو کم کرنے کے لیے جرنوالہ علاقہ میں پولیس نے کرفیو لگا دیا ہے۔ اس کے علاوہ جرنوالہ میں آج سبھی تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور بازار بند رہے۔


بہرحال، اقلیتی طبقہ کے تحفظ کے لیے 70 اراکین پر مشتمل اسپیشل ٹیم بنائے جانے کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کر بتایا ہے کہ 70 جوانوں کو اقلیتی سیکورٹی یونٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔ اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سبھی ضلع پولیس افسر اپنے علاقوں میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور اقلیتی طبقہ کی سیکورٹی کے لیے ذمہ دار ہوں گے۔

قومی اقلیتی کمیشن کی سفارشات کے مطابق بنائی گئی یہ یونٹ ایس ایس پی آپریشن کی دیکھ ریکھ میں اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہر ڈویژنل سطح پر اقلیتی کمیٹیوں کے ساتھ رابطہ مضبوط کیا جائے گا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ یونٹ پولیس اہلکاروں کو اقلیتی سیکورٹی یونٹ کے لیے حال ہی میں ہوئی بھرتی سے بھی چنا گیا ہے۔


اس درمیان پاکستان کے نگراں وزیرا عظم انوارالحق کاکڑ کے ذریعہ جاری احکامات کے مطابق پنجاب حکومت نے واقعہ کی جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جانچ کمیٹی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔