پاکستان: خیبر پختونخوا میں نمازِ جمعہ کے دوران دھماکہ، 15 افراد ہلاک، مسجد کو نقصان

پاکستان کے خیبر پختونخوا کے کوہاٹ میں نمازِ جمعہ کے وقت اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ دھماکے سے مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ 25 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

کوہاٹ: پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں جمعہ کی نماز کے وقت اولڈ پولیس لائنز کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس، سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں نے کارروائی شروع کر دی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ بارودی مواد سے لدی ایک گاڑی اولڈ پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرا گئی، جس کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے مواد سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دھماکے کے وقت نمازِ جمعہ ادا کی جا رہی تھی اور اس سے قریبی مسجد کے بیرونی حصے کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک دیوار بھی منہدم ہو گئی۔ مسجد کے باہر دھماکے کے نتیجے میں گڑھا بننے کی بھی اطلاع ہے۔ آس پاس کی بعض عمارتیں بھی دھماکے سے متاثر ہوئی ہیں۔

واقعے کے بعد کوہاٹ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ اسپتال حکام کے مطابق 25 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل بتائے گئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔


ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق متعدد ایمبولینسوں اور امدادی گاڑیوں کے ذریعے ہلاک ہونے والوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیاں جاری رہیں اور مزید زخمیوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے اولڈ پولیس لائنز کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ علاقے میں اضافی نفری تعینات کی گئی اور سرچ و کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔ ایک اہم اور مصروف روڈ کو بھی کچھ وقت کے لیے ٹریفک کے لیے بند کیے جانے کی اطلاع ہے۔

دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ پولیس حکام واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دھماکے کے پیچھے کون ملوث تھا اور اس کا اصل ہدف کیا تھا۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کوہاٹ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔