کلثوم نواز کی تدفین جمعہ کو، نواز شریف پیرول پر رہا

اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے جسد خاکی کوآخری رسومات کیلئے جمعہ کو لاہور لایا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ادھر، کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی اور اس کے بعد ان کا جسد خاکی جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئر پورٹ لایا جائے گا۔

پیرول پر رہائی کے بعد تینوں مجرمان اڈیالہ جیل سے شہباز شریف کے ہمراہ نور خان ائیر بیس پہنچے جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔

بدھ کی صبح پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف اپنی بھابی کلثوم نواز کی میت لینے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔ 68 سالہ کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا تھیں، اس بیماری کی تصدیق اگست 2017 میں ہوئی تھی۔ان کا علاج جون 2017 سے لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں چل رہا تھا۔ حالت بگڑنے پر انہیں پیر کی شب لائف سپورٹنگ سسٹم پر رکھا گیا تھا، جہاں منگل کو ان کا انتقال ہو گیا۔

شریف خاندان کے ارکان کے مطابق بیگم کلثوم کی لاش کوجمعہ کے روز لاہور لایا جائے گا، جہاں انہیں سپرد-خاک کیا جائے گا، اس سے پہلے جمعرات کو لندن میں ایک تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا ہے۔اس دوران نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر کو بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے بعد کچھ گھنٹے کے لئے پیرول پر جیل سے رہا کر دیاگیا ہے، یہ تینوں کرپشن کیس میں اس وقت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بند ہیں۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم ماہ جولائی میں ان سے آخری بار مل کر 25 جولائی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے وطن لوٹ آئے تھے۔ اسی دوران انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم اور صفدر کو 12 گھنٹے کے پیرول پر رہا کیا گیا ہے، تاہم ان کے پیرول کی مدت بیگم کلثوم کے جنازہ میں شریک ہونے کے لئے جمعہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔