عمران کے اتحادی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید گرفتار

شیخ رشید کے خلاف کیس درج  ہے کہ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

شیخ رشید، تصویر آئی اے این ایس
شیخ رشید، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو پولیس نے جمعرات کو علی الصباح گرفتار کر لیا ہے۔ شیخ رشید پر تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج ہے جس کے مطابق انہوں نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے دعوی کیا کہ ’اسلام آباد پولیس نے پنجاب کی حدود میں ان کی نجی رہائش گاہ سے انہیں گرفتار کیا ہے‘۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کی گاڑی سے اسلحہ اور مہنگی شراب کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔ شیخ رشید پر یہ بھی الزام ہے جس وقت انہیں گرفتار کیا گیا وہ نشہ کی حالت میں تھے لیکن شٰیخ رشید نے ان الزامات کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی شراب نہیں پی۔


ٹوئٹر اکاونٹ پر ایک تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں شیخ رشید گرفتاری کے بعد تھانہ آبپارہ میں ایک کرسی پر بیٹھے ہیں۔ گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ’لوگ سیڑھیاں لگا کر دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں اور بدتمیزی کی ہے، تمام ملازمین کو بے تحاشہ مارا ہے اور مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالا ہے۔‘

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخ رشید کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ عمران خان نے ٹوئٹر اکاونٹ پر بیان میں کہا کہ’ الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ اتنی متعصب اور منتقم نگران حکومت ہماری تاریخ میں کبھی مسلط نہیں ہوئی۔‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔