پاکستان: لاہور کے انارکلی بازار میں بم دھماکہ، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی

لاہور پولیس کے جاری کردہ بیان میں ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکہ بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک بائیک میں نصب کیا گیا تھا۔

لاہور میں دھماکہ / تصویر ٹوئٹر
لاہور میں دھماکہ / تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

لاہور: پاکستانی شہر لاہور کے مشہور بازار انارکلی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 22 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ لاہور پولیس کے جاری کردہ بیان میں ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکہ بتائی گئی تاہم بعد میں لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک بائیک میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکل میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کی وجہ سے زخمی ہونے والے دو افراد کی شناخت ہو گئی جن میں 30 سالہ عدنان اور 40 سالہ جمیل شامل ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی واقع میو اسپتال منتقل کیا۔ میو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دیں۔


اس کے علاوہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد میو اسپتال پہنچ گئے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے سول ڈیفنس افسر کو انار کلی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انار کلی بازار کی مکمل سویپنگ کی جائے۔

ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر عابد نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ کا گڑھا پڑ گیا جبکہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لینے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جو شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انارکلی بازار میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ جلد پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔


وزیراعلی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے، دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے، مٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’انارکلی بازار جسے پرہجوم اور مصروف ترین علاقے میں دھماکہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔