استنبول کے نائٹ کلب میں خوفناک آتشزدگی، 29 افراد کی موت، کلب منیجر گرفتار

آگ لگنے کی وجہ اب تک پتہ نہیں چل سکی ہے، مہلوکین کے بارے میں اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بیشتر اس نائٹ کلب میں ہو رہی مرمت کے کام میں شامل تھے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/WarWatchs">@WarWatchs</a></p></div>

تصویر@WarWatchs

user

قومی آوازبیورو

ترکیے کے سب سے بڑے شہر استنبول کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس آتشزدگی میں کم از کم 29 افراد کے ہلاک ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں اور دیگر کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نائٹ کلب میں مرمت کا کام چل رہا تھا تبھی اچانک آگ لگ گئی اور کئی لوگ اس کی زد میں آ گئے۔ منگل کے روز پیش آئے اس واقعہ کے بعد پولیس نے کچھ لوگوں کو پوچھ تاچھ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔ کلب کے منیجر اور مرمت کاری کے انچارج کی گرفتاری سے متعلق خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔


بتایا جاتا ہے کہ استنبول کے یوروپی حصہ واقع بیکسیتاس ضلع میں 16 منزلہ رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر واقع نائٹ کلب مرمت سے متعلق کام کے لیے بند تھا۔ گورنر داوُت گل کا کہنا ہے کہ یہ آگ کیسے لگی، اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ مہلوکین کے بارے میں اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بیشتر اس نائٹ کلب میں ہو رہی مرمت کے کام میں شامل تھے۔

ترکیے کی ایک سرکاری ایجنسی نے جانکاری دی ہے کہ آگ کو بجھا دیا گیا ہے اور راحت و بچاؤ کاری کا عمل جاری ہے۔ ایجنسی کے مطابق کم و بیش 8 لوگ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 7 لوگوں کی حالت سنگین ہے۔ ان سبھی کا علاج اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ اس واقعہ کے بعد میئر ایکریم ایماموگلو کا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسران پوری عمارت کی سیکورٹی کا جائزہ لے رہے ہیں اور فائر بریگیڈ و میڈیکل کی کئی ٹیموں کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔