روہنگیا پناہ گزین عید الا ضحٰی پر خوشیوں کے منتظر

بنگلہ دیش میں قائم عارضی مہاجر کیمپوں میں مقیم لاکھوں روہنگیا مسلمان عید الاضحٰی کے موقع پر اپنے بہتر مستقبل کے لیے دعا گو ہونے کے ساتھ امید کرتے ہیں کہ وہ ’اپنے وطن میں دوبارہ عید منا سکیں۔‘

.
.
user

ڈی. ڈبلیو

بنگلہ دیش میں عید الاضحٰی 22 اگست بروز بدھ منائی گئی۔ روہنگیا مسلمان مہاجرین نے کیمپوں میں تعمیر کی گئی عارضی مساجد میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر پناہ گزینوں کے بچوں نے دھلے ہوئے ملبوسات زیب تن کیے۔

مسلمانوں کے اس اہم مذہبی تہوار کے موقع پر بنگلہ دیش میں چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسلمان اس عید کے موقع پر اُس اہم واقعے کی یاد تازہ کرتے ہیں، جب پیغمبر ابراہیم اپنے خدا کی راہ میں اپنے بیٹے اسماعیل کو قربان کرنے پر تیار ہو گئے تھے۔ عید الاضحٰی کے تین روز تک پوری دنیا کی طرح بنگلہ دیش میں بھی جانور قربان کیے جائیں گے اور گوشت غریبوں میں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ تاہم کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزین یہ مذہبی فریضہ ادا کرنے کی معاشی صلاحیت نہیں رکھتے۔

روہنگیا مسلمانوں کو میانمار کے بدھ انتہا پسندوں کی جانب سے امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ مثال کے طور پر میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو حقوقِ شہریت حاصل نہیں، مذہبی تقاریب پر ممکنہ حملوں کے خوف کی وجہ سے اکثر روہنگیا مسلمان مذہبی رسومات ادا نہیں کرسکتے تھے۔ ایک روہنگیا مہاجر نور العالم کہتے ہیں ’ہمارے گاؤں میں کئی برسوں تک نماز عید ادا کرنا مشکل تھا، ہم چھپ کر نماز ادا کرتے تھے۔‘ انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ’ان کو یہاں (بنگلہ دیش) میں اس کی آزادی ہے لیکن وہ یہ آزادی (میانمار) میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ساٹھ سالہ روہنگیا مہاجر شعمس العالم کی میانمار میں پرچون کی دکان تھی۔ نماز عید کی ادائیگی کے لیے مسجد جاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں خوش رہتے ہوئے بھی خوش نہیں، کیونکہ بنگلہ دیش میں ہمارا کوئی وجود ہی نہیں ہے۔‘ گزشتہ برس اگست سے اب تک تقریباﹰ سات لاکھ روہنگیا مہاجرین میانمار کی ریاست راکھین سے پناہ کے حصول میں بنگلہ دیش پہنچ چکے ہیں۔ راکھین میں انہیں میانمار کی فوج کے جبر و تشدد کا سامنا بھی رہا۔ اس دوران روہنگیا کے درجنوں دیہات کو جلا دیا گیا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق نے اس پُرتشدد کارروائی کو روہنگیا کی ’’نسلی تطہیر‘‘ بھی قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔