روس: ولادمیر پوتن نے 2024 کا صدارتی انتخاب لڑنے کا کیا اعلان، ’سکسر‘ لگانے کی تیاری شروع

روسی آئین میں 2020 میں کی گئی ترمیم کے تحت ایک شخص صرف دو مدت کار کے لیے صدارتی عہدہ پر رہ سکتا ہے، حالانکہ اس کا شمار قبل کے صدر پر نافذ نہیں ہوگا جو پوتن کو انتخاب لڑنے کے لیے اہل بناتا ہے۔

ولادیمیر پوتن، تصویر یو این آئی
ولادیمیر پوتن، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

روسی صدر ولادمیر پوتن نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ وہ 2024 میں اپنی لگاتار تیسری اور مجموعی طور پر چھٹی مدت کار کے لیے پھر سے ملک کے صدر بننے کا انتخاب لڑیں گے۔ یعنی ولادمیر پوتن نے ’سکسر‘ لگانے کا عزم ظاہر کر دیا ہے اور ان کے لیے انتخاب جیتنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔ ’رَسیا ٹوڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پوتن نے آج کریملن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں قسمت آزمائی کا اعلان کیا ہے۔

تقریب کے دوران ولادمیر پوتن نے یوکرین کے خلاف خصوصی فوجی مہم میں حصہ لینے والے روس کے فوجیوں کو ’ہیرو آف رَشیا‘ میڈل سے نوازا۔ پوتن نے ڈونیتسک پیپلز ریپبلک کے ہیرو ارٹیوم زوگا کے ایک سوال کے جواب میں صدارتی انتخاب لڑنے کے اپنے فیصلے سے سب کو مطلع کرایا۔


واضح رہے کہ روسی آئین میں 2020 میں کی گئی ترمیم کے تحت ایک شخص صرف دو مدت کار کے لیے صدارتی عہدہ پر رہ سکتا ہے۔ حالانکہ یہ التزام پہلے صدارتی عہدہ پر رہ چکے اشخاص پر نافذ نہیں ہوگا، یعنی 2020 کے بعد ہی یہ نافذ العمل ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ پوتن انتخاب لڑنے کے لیے اہل ہوں گے۔ پوتن 2000 میں پہلی بار صدر منتخب ہوئے تھے اور 2012 میں وزیر اعظم کی شکل میں لوٹنے سے پہلے 2008 تک اسی عہدہ پر تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔