پاکستان: جیکب آباد ریلوے ٹریک پر بڑا دھماکہ، جعفر ایکسپریس کے 6 ڈبّے بے پٹری، 6 فٹ لمبی پٹریاں تباہ
جعفر ایکسپریس میں دھماکے کے بعد ایک بار پھر اس روٹ کے تحفظ پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے اسی ٹرین کو ہائی جیک کر لیا تھا اور 100 پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ویڈیو گریب@AbdullahJanSab1
پاکستان کے جیکب آباد کے پاس ریلوے ٹریک پر ایک بڑا دھماکہ ہوا ہے۔ اس زوردار دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔ یہ ٹرین پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق دھماکہ سے ریلوے ٹریک پر تین فٹ چوڑا گڈھا بن گیا اور قریب چھ فٹ لمبی پٹریاں پوری طرح تباہ ہو گئیں۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ریلوے اور سیکوریٹی ایجنسیاں جائے وقوع پر پہنچ گئی ہیں۔
سماء ٹی وی کے مطابق دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ کوچوں کے پہیے پٹری سے اُکھڑ گئے اور ٹرین اچانک رک گئی۔ ابتدائی رپورٹس میں اطلاع ملی ہے کہ اس حادثے میں کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں لیکن اب تک کسی کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتالوں میں بھرتی کرایا جا رہا ہے۔
حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور دیگر ٹرینوں کی آمد ورفت کو عارضی طور سے روک دیا گیا ہے۔ سیکوریٹی ایجنسیاں جائے وقوع پر موجود ہیں اور معاملے کی تفتیش کر رہی ہیں۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے امن برقرار رکھنے اور سرکاری اطلاعات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
جیکب آباد کے پاس جعفر ایکسپریس میں ہوئے دھماکے کے بعد ایک بار پھر اس روٹ کے تحفظ پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ یہ ٹرین پہلے بھی کئی مرتبہ حملوں کا شکار بن چکی ہے۔ یہ علاقہ ریل مسافروں کو لے کر غیر محفوظ مانا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسی سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کر لیا تھا۔ اس وقت ٹرین میں تقریباً 350 فوجی/مسافر سوار تھے۔ پاکستانی فوج نے بڑی مشکل سے آپریشن چلا کر ٹرین کو چھڑانے کی بات کہی تھی لیکن بی ایل اے نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے 100 زیادہ پاکستانی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ وہیں پاکستانی فوج نے 35 یرغمالیوں کے مارے جانے کی بات تسلیم کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔