میانمار کی معزول لیڈر آنگ سان سو چی کو اب 17 سالوں تک جیل میں رہنا ہوگا!

پیر کے روز بدعنوانی کے چار الگ الگ معاملوں میں چھ سال کی قید انھیں سنائی گئی۔ سو چی پر الزام تھا کہ انھوں نے پبلک پراپرٹی کو مارکیٹ پرائس سے کم قیمت پر کرایہ پر لیا۔

آنگ سان سوچیِ تصویر آئی اے این ایس
آنگ سان سوچیِ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

فوجی حکمراں میانمار کی ایک عدالت نے پیر کے روز ملک کی معزول لیڈر آنگ سان سو چی کو بدعنوانی کے ایک معاملے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے 6 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس طرح سو چی کو اب مجموعی طور پر 17 سالوں تک جیل میں رہنا پڑے گا۔ سو چی کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر سماعت بند دروازوں کے پیچھے ہوئی اور اس کے بارے میں ملک کی عوام کے ساتھ ساتھ میڈیا کو بھی کوئی جانکاری نہیں دی گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سو چی کے وکیلوں کو کارروائی کے بارے میں کچھ بھی بولنے سے منع کر دیا گیا تھا۔ پیر کے روز بدعنوانی کے چار الگ الگ معاملوں میں چھ سال کی قید انھیں سنائی گئی۔ سو چی پر الزام تھا کہ انھوں نے پبلک پراپرٹی کو مارکیٹ پرائس سے کم قیمت پر کرایہ پر لیا۔ اس کے علاوہ ان پر سماجی امور پر لیے گئے پیسے کا استعمال اپنا گھر بنانے میں کرنے کا بھی الزام ہے۔ حالانکہ سو چی نے اپنے اوپر لگے سبھی الزامات سے انکار کیا ہے۔ ان کے وکیل اس معاملے میں اوپری عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ سو چی میانمار کی فوج کے ذریعہ اقتدار پر قبضہ کے بعد سے ہی جیل میں ہیں۔ فوج کی قیادت میں چلائی جا رہی حکومت کے ذریعہ ان کو غداری کے ایک معاملے میں قصوروار ٹھہراتے ہوئے پہلے ہی 11 سال تک جیل کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔