مارکو روبیو نے دہرایا کہ ہندوستان روس سے تیل نہیں خریدے گا
فروری کے شروع میں ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان نے روس سے خام تیل نہ خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ ہندوستان نے روس سے تیل خریدنے سے انکار کیا ہے۔ مارکو روبیو نے ہفتہ کو میونخ سکیورٹی کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان نے "واضح طور پر" اعلان کیا ہے کہ وہ روس سے خام تیل نہیں خریدے گا، جو کہ عالمی منڈیوں میں روس سے توانائی کی خریداری پر بین الاقوامی پابندیوں اور سفارتی دباؤ کے درمیان ایک اہم فیصلہ مانا جارہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اقدام ہندوستان کی عالمی مشغولیت کی گہرائی اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک نیشنز کے ساتھ تعاون کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب توانائی کی عالمی سپلائی کی غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی تناؤ کے درمیان بڑے صارف ممالک کے ذریعہ متبادل توانائی کے ذرائع اور منڈیوں کی تلاش تیز ہو گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فروری کے شروع میں ہندوستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان نے روس سے خام تیل نہ خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کے بعد سے امریکہ نے بارہا دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان روس سے تیل خریدنا بند کردے گا۔ جب مارکو روبیو سے روس یوکرین جنگ کے بارے میں سوال کیا گیا، تو انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا۔
اس سے پہلے، ہندوستان نے کہا تھا کہ وہ خام تیل کی خریداری کے لیے متعدد ذرائع کو برقرار رکھے گا اور سپلائی چین میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مختلف طریقوں سے ان کا استعمال کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔