جاپان میں تیزی سے بڑھ رہی بزرگ آبادی، ایک لاکھ سے زائد افراد نے مکمل کی 100 سال کی عمر
جاپان میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر والے لوگوں میں خواتین کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 107677 میں سے 94298 خواتین ہیں۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں لوگ بڑھتی عمر کے ساتھ صحت سے متعلق کئی طرح کے مسائل میں مبتلا ہو جاتے ہیں، جبکہ جاپان میں 100 سال یا اس سے زائد عمر تک پہنچنے والے لوگوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار جاپان میں ایسے لوگوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کی ہے۔ ملک میں بزرگوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ساتھ آبادی گھٹ رہی ہے اور کام کرنے والے لوگوں کی تعدد بھی کم ہو رہی ہے۔ ’سی این این‘ کی رپورٹ میں جاپان کی وزارت صحت، محنت اور بہبود کے مطابق ستمبر میں ملک میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کی تعداد بڑھ کر 107677 ہو گئی۔ یہ گزشتہ سال کے مقابلے تقریباً 8000 زیادہ ہے۔ یہ مسلسل 56واں سال ہے جب جاپان میں 100 یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ جاپان میں 100 سال یا اس سے زیادہ عمر والے لوگوں میں خواتین کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ مجموعی طور پر 107677 میں سے 94298 خواتین ہیں۔ یعنی تقریباً 88 فیصد خواتین ہیں۔ دوسری جانب اس عمر کے مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے کافی کم ہے۔ یہ اعداد و شمار بتاتا ہے کہ جاپان میں طویل عمر تک جینے کے معاملے میں خواتین مردوں سے کافی آگے ہیں۔ جاپان کے وزیر صحت کینچیرو اوینو نے ان اعداد و شمار پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ طویل عرصے تک فعال اور صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔
جاپان کو طویل عرصے تک جینے والے لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں جاپان میں اوسط متوقع عمر تقریباً 84 سال تھی۔ اس کے مقابلے میں امریکہ میں یہ اعداد و شمار تقریباً 79 سال تھے۔ اس کے پیچھے کئی وجوہات بتائی جاتی ہیں۔ جاپان کی روایتی غذا میں مچھلی، سبزیاں اور دیگر متوازن غذائیں وافر مقدار میں شامل ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے صحت کا نظام بھی کافی ترقی یافتہ ہے۔ باقاعدہ صحت کی جانچ اور بہتر میڈیکل سہولیات بھی لوگوں کو طویل زندگی گزارنے میں مدد کرتی ہے۔
جاپان میں طویل زندگی سے متعلق ایک اور چیز کے بارے میں اکثر بات ہوتی ہے اور وہ ہے ’ایکیگائی‘، جس کا مطلب ہے زندگی میں جینے کی وجہ یا ایسا کام جس سے آپ کو خوشی اور اطمینان حاصل ہوتا ہے۔ کئی جاپانی لوگ عمر بڑھنے کے بعد بھی کسی نہ کسی کام میں سرگرم رہتے ہیں۔ ان کے لیے خاندان، معاشرہ، کام، شوق یا کوئی ذمہ داری زندگی میں مقصد برقرار رکھتی ہے۔ حالانکہ جاپان کے بڑے شہروں میں طویل عرصے تک کام کرنے کی روایت کے باعث ملک کو تنقید کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔ اس کے باوجود وہاں کئی لوگ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی خود کو فعال رکھتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جاپان پہلے سے ہی کم ہوتی آبادی کے مسائل سے نبردآزما ہے۔ جاپان کی آبادی تقریباً 12.3 کروڑ ہے اور اس میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔ وہاں شرح پیدائش ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اس کا براہ راست اثر ملک کی کام کرنے والی آبادی پر پڑ رہا ہے، یعنی بزرگوں کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن ان کے مقابلے کام کرنے والے نوجوانوں کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ سے بزرگوں کی دیکھ بھال پر حکومت اور خاندانوں کا خرچ بڑھ رہا ہے۔ ساتھ ہی کمپنیوں اور معیشت کے لیے مناسب تعداد میں ملازمین کا ملنا بھی ایک بڑا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
