جاپان: ہوائی جہاز 335 مسافروں کو لے کر ہانیڈا ایئرپورٹ سے اڑا، پھر 7 گھنٹے بعد واپس ہانیڈا میں ہی ہوئی لینڈنگ

جاپان ایئرلائنز کمپنی کی فلائٹ جے ایل 331 نے ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی، طیارہ کو فوکواوکا ایئرپورٹ پر اترنا تھا، لیکن خراب موسم اور زیادہ فلائٹس کی وجہ سے کرفیو لگا دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>جاپان ایئرلائنز، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

جاپان ایئرلائنز، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

جاپان میں ایک انتہائی حیران کرنے والا معاملہ پیش آیا ہے جہاں ہوائی جہاز مسافروں کو لے کر جس ایئرپورٹ سے اڑا تھا، سات گھنٹے بعد واپس لینڈنگ بھی اسی ایئرپورٹ پر کرنی پڑی۔ معاملہ ایک گھریلو پرواز کے ساتھ پیش آیا ہے جس نے 335 مسافروں کے ساتھ پرواز بھری تھی۔ دراصل جس ہوائی اڈے پر طیارہ کو لینڈنگ کرنی تھی وہاں کرفیو نافذ تھا۔ یہی وجہ ہے کہ طیارہ کی لینڈنگ نہیں ہو سکی اور اسے واپس ہونا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان ایئرلائنز کمپنی کی فلائٹ جے ایل 331 نے ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ سے پرواز بھری تھی۔ طیارہ کو فوکواوکا ایئرپورٹ پر اترنا تھا، لیکن خراب موسم اور زیادہ فلائٹس کی وجہ سے کرفیو لگا دیا گیا۔ ایسے میں فوکواوکا ہوائی اڈے پر طیارہ کو لینڈنگ کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا۔ ایسے میں طیارہ کے پائلٹ نے فوکواوکا کے نزدیک کتکیوشو شہر میں طیارہ لینڈ کرانے کے بارے میں سوچا، لیکن وہاں مسافروں کو لے جانے کے لیے بس دستیاب نہیں تھی۔ ایسے میں طیارہ کے پائلٹ نے واپس ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ ہی جانے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح تقریباً 7 گھنٹے طویل فلائٹ کے بعد طیارہ کے سبھی 335 مسافر واپس وہیں پہنچ گئے جہاں سے وہ چلے تھے۔


ویسے یہ پہلا معاملہ نہیں ہے جب کئی گھنٹے کی پرواز کے بعد طیارہ واپس اسی جگہ لوٹ آیا جہاں سے اس نے پرواز بھری تھی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتہ ہی نیوزی لینڈ کے آکلینڈ سے نیویارک جانے والا طیارہ بھی تقریباً 16 گھنٹے کی پرواز کے بعد آکلینڈ واپس آ گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ طیارہ 9 ہزار میل کا سفر طے کر کے نیویارک پہنچ گیا تھا لیکن نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر بجلی کی دقت ہونے کے سبب طیارہ کو واپس آکلینڈ لوٹنا پڑا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔