اسرائیل کا ایران پرزبردست حملہ، لڑاکا طیاروں نے تہران پر بم گرائے
اسرائیل نے رات گئے ایران پر زبردست حملہ کیا ہے۔ اس کے تحت اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے تہران میں بم گرائے اور جوہری مقامات کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج اور امریکا نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیل نے ایران پر زبردست حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران پر بموں سے حملہ کیا۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے ایرانی فوج کے اڈوں اور جوہری تنصیبات کو ڈرون سے نشانہ بنا کر حملہ کیا ہے۔
اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے جوہری پروگرام پر یکطرفہ حملہ کیا ہے۔ اس کے تحت اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے ایران کے فوجی اڈوں، ایٹمی اڈوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران جوہری پروگرام تیار کر رہا ہے اور اسے روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے ایک ٹی وی پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے یہ حملہ اسرائیل پر منڈلاتے ایرانی خطرے کو روکنے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن اگلے کئی دنوں تک جاری رہے گا جب تک کہ خطرہ مکمل طور پر ٹل نہیں جاتا۔
اس حملے پر امریکہ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر اپنے طور پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اس حملے میں ملوث نہیں ہے اور ہماری ترجیح اس علاقے میں موجود امریکی فوجی دستوں کی حفاظت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکہ سے کہا ہے کہ یہ حملہ اپنے دفاع کے لیے انتہائی ضروری تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ پورے معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح امریکہ کو نشانہ نہ بنائے۔
ایران کے سرکاری اخبار نور نیوز نے بھی تصدیق کی ہے کہ جمعہ کی صبح تہران کے شمال مشرق میں ایک دھماکہ ہوا ہے۔ دو امریکی حکام نے رائٹرز کو تصدیق کی کہ "اسرائیل نے ایران میں حملے کیے ہیں۔"اس حملے کے بعد عراق نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ اب عراق کے تمام ہوائی اڈے بند ہیں۔ کہیں سے ہوائی جہازوں کی نقل و حرکت نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔