کیا چین کورونا مریضوں کی تعداد کے ساتھ پھر کھیل کر رہا؟ کہیں دنیا میں نئی تباہی نہ آ جائے!
سی ڈی سی ڈاٹا کے مطابق 31 مارچ سے 4 مئی کے درمیان بخار کی علامت والے مریضوں اور سنگین علامتوں والے داخلِ اسپتال مریضوں کی جانچ میں پازیٹو معاملوں کی تعداد 7.5 فیصد سے بڑھ کر 16.2 فیصد ہو گئی ہے۔

کورونا نے ایک بار پھر پوری دنیا کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔ پچھلی مرتبہ کی طرح اس بار بھی چین کورونا کا مرکز معلوم پڑ رہا ہے۔ اس درمیان ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ چین نے ایک بار پھر کورونا مریضوں کی تعداد سے متعلق کھیل شروع کر دیا ہے۔ اگر ایسا ہے تو پھر دنیا میں ایک نئی تباہی کا اندیشہ ہے، اور یہ انتہائی فکر میں ڈالنے والا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں کووڈ-19 کا انفیکشن تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ حالانکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ اس میں کمی آنی شروع ہوگی، لیکن طبی افسران نے عوام سے احتیاط برتنے کی گزارش کی ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ چینی حکومت کی جانب سے ابھی تک یہ قبول نہیں کیا گیا ہے کہ ملک میں کورونا عروج پر پہنچ گیا ہے۔ حالانکہ اعداد و شمار جو سامنے آ رہے ہیں، وہ کچھ ایسا ہی ظاہر کر رہے ہیں۔ اپریل ماہ تک چین میں 1.60 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا کی زد میں آ چکے تھے، لیکن چین نے اسے دنیا میں پھیلنے سے روکنے کے لیے کوئی سخت قدم نہیں اٹھایا۔
چینی سنٹر آف ڈزیز کنٹرول (سی ڈی سی) کے ڈاٹا کے مطابق 31 مارچ سے 4 مئی کے درمیان بخار کی علامت والے مریضوں اور سنگین علامتوں والے اسپتال کے مریضوں کی جانچ میں پازیٹو معاملوں کی تعداد 7.5 فیصد سے بڑھ کر 16.2 فیصد ہو گئی ہے۔ یعنی ایک ماہ سے کم وقت میں انفیکشن کی رفتار دوگنی سے زیادہ ہو گئی ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق اپریل میں ملک بھر میں مجموعی طور پر 168507 معاملے سامنے آئے، ان میں سے تقریباً 5 فیصد معاملوں کی جانچ سے پتہ چلا کہ وہ سبھی اومیکرون ویریئنٹ کے تھے، جن میں مرکزی اسٹرین ’ایکس ڈی وی‘ سیریز کے تھے۔ اپریل ماہ تک ملک میں 1.60 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے تھے۔
کورونا اب چین سے نکل کر کئی ممالک میں پھیل چکا ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا نے دستک دے دی ہے۔ دہلی جیسے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ کورونا نے اپنا اثر چھوٹے شہروں میں بھی دکھانا شروع کر دیا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ کئی ریاستوں میں وزارت صحت کو ایڈوائزری جاری کرنے کی ضرورت پڑ گئی۔ وزارت صحت کے مطابق ہندوستان ابھی کورونا کے 1000 سے زیادہ فعال کیسز ہیں۔ پیر کے روز راجدھانی دہلی میں کورونا کے 103 فعال کیسز کی جانکاری دی گئی ہے۔ ظاہر ہے کورونا مریضوں کی تعداد تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، اور یہ باعث فکر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔