’ہندوستان تیل خرید کر یوکرین جنگ میں روس کی فنڈنگ کر رہا ہے‘، ٹرمپ انتظامیہ کا حکومت ہند پر سنسنی خیز الزام

ٹرمپ کے صلاح کار اسٹیفن ملر نے کہا ہے کہ ہندوستان کو روس کو لے کر اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ ملر کا بیان ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ہندوستان پر کیے گئے سب سے سخت تبصرہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نریندر مودی / ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)</p></div>

نریندر مودی / ڈونالڈ ٹرمپ (فائل)

user

قومی آواز بیورو

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ٹاپ صلاح کار اسٹیفن ملر نے ہندوستان پر روس سے تیل خریدنے کے ذریعہ یوکرین جنگ کو ’بالواسطہ فنڈ‘ کرنے کا سنسنی خیز الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرمپ کے لیے قابل قبول نہیں ہے اور ہندوستان کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ اسٹیفن ملر ٹرمپ انتظامیہ میں وہائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف ہیں اور ان کا یہ بیان امریکہ کی طرف سے ہندوستان پر لگائے جانے والے بڑے الزامات میں سے ایک ہے۔

’آج تک‘ کی خبر کے مطابق فاکس نیوز کو دیئے انٹرویو میں ملر نے کہا، ’’ڈونالڈ ٹرمپ نے بہت واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یہ بالکل منظور نہیں ہے کہ ہندوستان روس سے تیل خرید کر اس جنگ کو فائنانس کرے۔‘‘


’رائٹرس‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے ٹاپ صلاح کار نے کہا کہ لوگوں کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ روس سے تیل خریدنے کے معاملے میں ہندوستان اب چین کے برابر کھڑا ہے۔ ملر نے اسے ’حیرت انگیز حقیقت‘ بتایا۔

ملر کا یہ بیان ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ہندوستان کو لے کر کی گئی اب تک کی سب سے شدید تنقید کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ خاص طور پر جب ہندوستان امریکہ کا انڈو-پیسفک علاقے میں اہم شراکت دار ہے۔ حالانکہ ملر نے اپنی بات کو متوازن کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ اور نریندر مودی کے رشتے ’شاندار‘ ہیں۔


ملر کے تبصرہ پر حکومت ہند نے ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ ’رائٹرس‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے بھی اس معاملے میں کسی طرح کی بات کہنے سے انکار کیا ہے لیکن حکومت ہند نے یہ اشارہ دیا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ہندوستان روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا۔

اس درمیان امریکہ نے روس سے ملٹری اکیوپمنٹس اور تیل خریدنے کی وجہ سے ہندوستان سے درآمد ہونے والے مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ نے انتباہ کیا ہے کہ اگر روس یوکرین کے ساتھ کوئی بڑا امن معاہدہ نہیں کرتا ہے تو وہ ان ملکوں سے امریکی درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف لگانے پر غور کر سکتے ہیں جو روس سے تیل خریدتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔