برطانیہ میں ’تپش‘ نے رقم کی تاریخ، ملک میں پہلی بار ’ریڈ الرٹ‘

محکمہ صحت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شدید گرمی میں صحت مند لوگوں کے سنگین طور پر بیمار پڑنے کا خطرہ سب سے زیادہ ہے، اس سے ان کی موت تک ہو سکتی ہے۔

گرمی، تصویر آئی اے این ایس
گرمی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کئی ممالک میں اس بار گرمی نے پرانے سبھی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ سورج کی ’تپش‘ نے برطانیہ کو بھی پریشان کیا ہوا ہے۔ حالات کچھ ایسے بن گئے ہیں کہ ’ریڈ الرٹ‘ تک جاری کر دیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق تاریخ میں جب سے درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھنا شروع کیا گیا ہے، تب سے یہ برطانیہ میں گرمی کو لے کر پہلا ’ریڈ الرٹ‘ ہوگا۔ امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ تیزی سے 40 ڈگری سلسیس درجہ حرارت کے ریکارڈ کو توڑنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ منگل کو ملک میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کر لیا جائے گا۔

ان حالات کو دیکھتے ہوئے برطانیہ ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی (یو کے ایچ ایس اے) نے ملک میں قومی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے اور محکمہ موسمیات ن ے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہی صلاح دی ہے۔ عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بغیر ضرورت کے گھروں سے نہ نکلیں۔ محکمہ موسمیات کی چیف ایگزیکٹیو پینی اینڈرسبی نے کہا کہ منگل کو درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس سے اوپر پہنچنے کا امکان بہت زیادہ ہے۔ کچھ ماڈلس میں اس سال دن کی درجہ حرارت 43 ڈگری سلسیس تک پہنچنے کے آثار ہیں۔


محکمہ صحت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شدید گرمی میں صحت مند لوگوں کے سنگین طور پر بیمار پڑنے کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔ اس سے ان کی موت تک ہو سکتی ہے۔ تنبیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانوی شہری زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ یہی نہیں، برطانیہ میں بے حد کم گھروں، اسکولوں یا چھوٹی صنعتوں میں ایئر کنڈیشنر کا انتظام ہے۔

قابل ذکر ہے کہ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گرم سال 2019 کا تھا جب تپش 38.7 ڈگری سلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ برطانیہ میں عام طور پر ہلکی گرمی پڑتی ہے۔ جولائی میں اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سلسیس، جب کہ اوسط کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری سلسیس کے آس پاس رہتا ہے۔


محکمہ ٹرانسپورٹ نے ریل اور سَب وے مسافروں کو ضروری نہ ہونے پر سفر نہ کرنے کا مشورہ جاری کیا ہے۔ بچوں اور بزرگوں کے گرمی کے منفی اثرات کے تئیں زیادہ حساس ہونے کے مدنظر اسکولوں اور اسپتالوں کو ان کا زیادہ خیال رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ برطانیہ میں یہ الرٹ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب ملک میں لو چلنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔