جنوبی کوریا میں انٹرنیٹ پوسٹ آفس پر سائبر حملہ، ایک لاکھ سے زائد صارفین کا ذاتی ڈیٹا لیک

ہیکرز نے موبائل انٹرنیٹ پوسٹ آفس کی ڈیلیوری کا مقام تبدیل کرنے والی سروس کا استعمال کیا۔ 17 نومبر سے 24 نومبر کے درمیان ڈیلیور کی جانے والی رجسٹرڈ ڈاک کے وصول کنندگان کے نام، پتے اور فون نمبر دیکھ لیے

<div class="paragraphs"><p>سائبر حملہ، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

جنوبی کوریا میں انٹرنیٹ پوسٹ آفس پر ہوئے سائبر حملے میں کم از کم 1 لاکھ 13 ہزار 855 صارفین کی ذاتی معلومات لیک ہو گئی ہیں۔ ڈاک سروس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ فی الحال اس سائبر حملے کے مکمل دائرہ کار کی جانچ کی جا رہی ہے۔ سائنس اور آئی سی ٹی کی وزارت کے تحت کام کرنے والے کوریا پوسٹ نے بتایا کہ ہیکرز نے صارفین کی ذاتی معلومات پر مشتمل ڈاک کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ پورے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ خبر رساں ایجنسی ’یونہاپ‘ کی رپورٹ کے مطابق کوریا پوسٹ اس بات کی تصدیق کر رہا ہے کہ کتنے لوگوں کا ڈیٹا لیک ہوا ہے۔

ہیکرز نے موبائل انٹرنیٹ پوسٹ آفس کی ڈیلیوری کا مقام تبدیل کرنے والی سروس کا استعمال کیا اور 17 نومبر سے 24 نومبر کے درمیان ڈیلیور کی جانے والی رجسٹرڈ ڈاک کے وصول کنندگان کے نام، پتے اور فون نمبر دیکھ لیے۔ صرف ایک دن کے ڈیٹا کے تجزیے سے ہی پتہ چلا کہ 1313855 افراد کی معلومات لیک ہوئی ہیں۔ کوریا پوسٹ کو بدھ کے روز اس سائبر حملے کے اشارے ملے تھے، جس کے بعد اس نے پولیس سے تحقیقات کی درخواست کی تھی۔


کوریا پوسٹ نے ڈیلیوری کا مقام تبدیل کرنے کی سہولت سمیت بعض خدمات عارضی طور پر بند کر دی ہیں اور غیر ملکی آئی پی ایڈریسز سے اپنی موبائل ویب سائٹ تک رسائی کو بلاک کر دیا ہے۔ کوریا پوسٹ کے سربراہ پارک اِن-ہوان نے کہا کہ ’’ہم عوام اور ڈاک سروس کے صارفین میں تشویش پیدا ہونے پر معذرت خواہ ہیں۔ ہم واقعے کی وجوہات کی گہرائی سے تحقیقات کریں گے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ یہ واقعہ حالیہ ہفتوں کے دوران مالیاتی اداروں اور سرکاری ایجنسیوں میں ڈیٹا کی خلاف ورزی کے متعدد واقعات کے درمیان پیش آیا ہے۔ ان میں سرکاری کمپنی کوریا الیکٹرک پاور کارپوریشن میں ہونے والا بڑا ڈیٹا لیک بھی شامل ہے، جس میں تقریباً 15 لاکھ 20 ہزار افراد کی ذاتی معلومات شامل تھیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔