’جے پی مورگن‘ پر سائبر حملہ، صارفین کی اہم جانکاریاں چوری، امریکی بینک نے خود کیا انکشاف
بینک کا کہنا ہے کہ جن صارفین کی معلومات متاثر ہوئی ہیں، ان سے براہ راست رابطہ کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر صارفین کو کریڈٹ مانیٹرنگ جیسی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

امریکہ کے بڑے بینکوں میں شامل ’جے پی مورگن چیس‘ پر سائبر حملہ ہوا ہے۔ اس بار ہیکرز نے بینک کے ساتھ کام کرنے والی تھرڈ پارٹی کمپنیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملہ میں کچھ صارفین کا ڈاٹا چوری ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ بینک نے خود اس سائبر حملے کی تصدیق کی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ بینکنگ خدمات پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔
جے پی مورگن نے 19 نومبر کو اس سائبر حملہ کی جانکاری دی۔ بینک کے مطابق ہیکرز نے اس کے کچھ تھرڈ پارٹی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے نظام میں نقب لگائی ہے۔ یہ کمپنیاں بینک کو مختلف طرح کی خدمات فراہم کرتی ہیں۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ہیکرز ان کمپنیوں کے پاس موجود کچھ صارفین کی معلومات تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اس سائبر حملہ میں صارفین کے نام اور ای میل ایڈریس جیسی معلومات متاثر ہوئی ہیں۔ بینک نے ابھی یہ نہیں بتایا ہے کہ مجموعی طور پر کتنے صارفین کا ڈاٹا چوری ہوا ہے۔ بینک نے یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ ہیکرز کو کسی دوسری طرح کی حساس معلومات تک بھی رسائی حاصل ہوئی ہے یا نہیں۔ بینک کا کہنا ہے کہ جن صارفین کی معلومات متاثر ہوئی ہیں، ان سے براہ راست رابطہ کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر صارفین کو کریڈٹ مانیٹرنگ جیسی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ذریعہ صارفین اپنی کریڈٹ رپورٹ اور اس سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں گے۔
یہ خبر سامنے آنے کے بعد صارفین کے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ کیا ان کے بینک اکاؤنٹ اور رقم محفوظ ہیں؟ جے پی مورگن نے فی الحال کہا ہے کہ اس واقعہ کا اس کے بینکنگ نظام اور روزمرہ کے کام کاج پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔ بینک کی خدمات پہلے کی طرح جاری ہیں۔ بینک نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یہ واقعہ 16 نومبر کو سامنے آنے والی تکنیکی خرابی سے الگ ہے۔ اس وقت سافٹ ویئر میں پیدا ہونے والی خرابی کے سبب کچھ صارفین کو آن لائن بینکنگ اور لین دین میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فی الحال بینک اس پورے معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔ ابھی تک متاثرہ صارفین کی صحیح تعداد اور سائبر حملے میں ملوث ہیکرز کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
