چارلی کرک کا قاتل ٹائلر رابنسن گرفتار
امریکی ایجنسی ایف بی آئی نے یوٹاہ یونیورسٹی میں چارلی کرک کو گولی مارنے والے شخص کی گرفتاری کی اطلاع دینے والے کو انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ میں قدامت پسند کارکن چارلی کرک کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یوٹاہ کے گورنر اسپینسر جے کاکس نے کہا، 'حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت ٹائلر رابنسن کے طور پر ہوئی ہے، جو یوٹاہ کا رہائشی 22 سالہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم بہت سیاسی ہو چکا تھا اور وہ چارلی کرک کے خیالات کا سخت مخالف تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رابنسن نے چارلی کرک کے قتل کا الزام ایک خاندانی دوست کو ٹھہرایا تھا۔
کاکس نے کہا کہ تفتیش کاروں کو اس معاملے میں کچھ اہم شواہد ملے ہیں، جن میں رائفل سے برآمد ہونے والی گولیوں پر کندہ نشانات شامل ہیں، جن کے بارے میں خیال ہے کہ حملے میں استعمال کیا گیا تھا، اور مشتبہ ملزم کی جانب سے ایک چیٹنگ ایپ پر بھیجے گئے پیغامات، جو اس کے روم میٹ نے فائرنگ کے بعد پولیس کے حوالے کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کرک کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 12 ستمبر کی صبح فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا، 'ہمیں بہت اعتماد ہے کہ یہ وہی ہے۔' ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ملزم کے انتہائی قریبی شخص نے اسے پکڑنے میں پولیس کی مدد کی۔
اسی دوران جمعرات یعنی 11 ستمبرکی رات پریس بریفنگ کے دوران ایک ویڈیو جاری کی گئی۔ اس ویڈیو میں ایک شخص کو عمارت کی چھت پر جاتے ہوئے دیکھا گیا جہاں سے گولیاں چلائی گئیں۔ اس کے بعد وہ وہاں سے نیچے آیا اور زمین پر چھلانگ لگا کر یونیورسٹی کیمپس سے باہر چلا گیا۔ سڑک پار کرنے کے بعد، وہ شخص قریب ہی ایک چھوٹے سے جنگلاتی علاقے میں داخل ہوا، جہاں سے حکام نے ایک اعلیٰ طاقت والی بولٹ ایکشن رائفل برآمد کی۔ حکام کا خیال تھا کہ چارلی کرک پر فائرنگ کے لیے اسی رائفل کا استعمال کیا گیا تھا۔
ویڈیو میں مشتبہ شخص کا چہرہ بیس بال کی ٹوپی اور چشمے سے ڈھکا ہوا تھا۔ اس نے ایک بیگ اٹھا رکھا تھا اور اس نے ایک شرٹ پہن رکھی تھی جس پر امریکی پرچم چھپا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق مشتبہ شخص ایک طالب علم کی عمر کا تھا اور کالج کیمپس کے ہجوم میں آسانی سے گھل مل جاسکتا تھا۔
یوٹاہ ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی کے کمشنر بیو میسن نے کہا کہ مشتبہ شخص نے جائے وقوعہ پر ہتھیلی کے کچھ نشانات اور کچھ دھندلے نشان چھوڑے ہیں اور تفتیش کار ڈی این اے شواہد اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا، 'انہیں وہاں جوتے کے پرنٹ ملے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص نے ٹینس کے جوتے پہن رکھے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔