امریکہ کا شام پر فضائی حملہ، تین امریکیوں کی ہلاکت کے بعد حملے کی کارروائی
شام کے شہر پالمیرا میں تین امریکیوں کی ہلاکت کے بعد امریکہ نے داعش کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔

امریکہ نے شام میں داعش کے خلاف ایک بار پھر بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پالمیرا کے علاقے میں مہلک حملے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد پینٹاگون نے سخت ردعمل کا فیصلہ کیا۔ اس حملے کے بعد امریکی فوج نے آپریشن ’ہاک آئی اسٹرائک‘ شروع کیا، جس کا مقصد داعش کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ 13 دسمبر کو شام میں امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری ہلاک جب کہ تین فوجی شدید زخمی ہوئے۔ یہ فوجی کارروائی اس حملے کے جواب میں کی گئی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امریکہ اپنے شہریوں اور فوجیوں پر حملوں کو برداشت نہیں کرے گا اور جو بھی دنیا میں کہیں بھی امریکیوں کو نشانہ بنائے گا اس کا پیچھا کر کے اسے ختم کر دیا جائے گا۔
امریکی حکام کے مطابق اس آپریشن کے ایک حصے کے طور پر وسطی شام میں داعش سے منسلک تقریباً 70 اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے، اسلحہ ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور تربیتی اڈے شامل تھے۔ پینٹاگون نے عندیہ دیا ہے کہ حالات کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مزید فوجی کارروائی ہو سکتی ہے۔
اس آپریشن میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی فوجی کارروائی پر ردعمل دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ حملوں میں داعش کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے امریکہ پر حملہ کرنے یا دھمکی دینے کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ خطرناک جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے شام کے عبوری صدر احمد الشارع کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
بشار الاسد کی معزولی نے امریکہ اور شام کے تعلقات میں ایک نیا موڑ دیا ہے۔ حال ہی میں عبوری صدر احمد الشارع نے واشنگٹن کا دورہ کیا اور امریکی قیادت سے ملاقات کی۔ یہ 1946 کے بعد پہلا موقع ہے کہ شامی صدر نے وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔