امریکی اسکول میں اندھا دھند فائرنگ، 17 افراد ہلاک

امریکہ کے جنوبی فلورڈا کے اسکول میں ایک طالب علم نے اندھا دھند فائنگ کر کے 17 افراد کی جان لے لی، امریکہ بھر میں اس طرح کی فائرنگ کےواقعات اب تک 18 پیش آ چکے ہیں۔

تصویریو این آئی
تصویریو این آئی
user

یو این آئی

پارک لینڈ: امریکہ میں فلوریڈا کے پارک لینڈ میں ہائی اسکول میں ایک 19 سالہ مسلح شخص نے فائرنگ کردی جس کی وجہ سے 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ میامی سے تقریبا 72 کلو میٹر شمال میں پارک لینڈ کے مارجری اسٹون مین ڈگلس ہائی اسکول میں پیش آیا۔

بروورڈ کاؤنٹی شیرف ا سکاٹ اسرائیل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مسلح شخص کی شناخت نکولس کروز کے طور پر کی گئی ہے، جو اسی اسکول کا سابق طالب علم ہے۔ جسے ڈسپلن شکنی کی وجہ سے اسکول سے نکالا گیا تھا۔

اسرائیل نے کہا کہ مسلح شخص نے بغیر کسی مزاحمت کے پولس کے سامنے خودسپردگی کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ قابل مذمت ہے۔ اس کے لئے واقعی کوئی الفاظ نہیں ہیں۔‘‘ برو ورڈ کاؤنٹی اسکول سپرنٹنڈنٹ رابرٹ رونسی نے کہاکہ ’’یہ ایک خوفناک صورت حال ہے۔‘‘

اسرائیل نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے اسکول کے باہر سے فائرنگ کرنا شروع کی جہاں تین افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے بعد وہ عمارت میں داخل ہوا اور مزید 12 افراد کو ہلاک کیا۔ مزید دو افراد کی ہلاکت اسپتال میں ہوئی۔

گن کنٹرول گروپ کے مطابق سال 2013 سے اب تک امریکہ میں 291 ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جبکہ اس سال فائرنگ کا یہ 18 واں واقعہ ہے۔ اس میں خود کشی کے اور وہ واقعات بھی شامل ہیں جن میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ اسی سال جنوری میں بین ٹان اسکول میں 15 سال کے ایک طالب علم کی طر ف سے کی گئی فائرنگ میں دو طالب علموں کی جان گئی تھی۔

فائرنگ کے واقعہ پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ’’ میری دعائیں اور تعزیت فلورڈا میں ہوئی فائرنگ کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Feb 2018, 10:49 AM