’شرائط تسلیم کر لو ورنہ انجام بُرا ہوگا‘، حماس کو صدر ٹرمپ نے دی آخری وارننگ
حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل خود معاہدے کا احترام نہیں کرتا، تب تک وہ بھی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرے گا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کو لے کر حماس کو آخری وارننگ دے ڈالی ہے۔ ٹرمپ نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے صاف الفاظ میں کہا کہ حماس کو جنگ بندی کے لیے ان کے ذریعہ پیش کی گئی تجویز کو قبول کرنا چاہیے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیل پہلے ہی ان کی شرائط کو تسلیم کر چکا ہے۔ اب وقت ہے کہ حماس بھی وہی کرے۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا، ’’ہر کوئی چاہتا ہے کہ یرغمالی محفوظ طور سے اپنے گھر واپس لوٹیں اور یہ جنگ جلد ختم ہو۔ اسرائیلیوں نے میری شرائط تسلیم کرلی ہیں، اب حماس کے لیے بھی اسے ماننے کا وقت ہے۔‘‘
ٹرمپ نے آگے لکھا، ’’اگر انہوں نے ان شرائط کو نہیں مانا تو، انہیں اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ یہ میری آخری وارننگ ہے۔ اب اور دیر نہیں کی جائے گی۔‘‘ ٹرمپ نے جس تجویز کی بات کی ہے اس میں جنگ بندی کے پہلے دن ہی حماس کو غزہ میں رکھے گئے باقی 48 یرغمالیوں کو رہا کرنا ہوگا۔ اس کے بدلے میں اسرائیلی حکومت ہزاروں فلسطینی قیدیوں کو جیل سے رہا کرے گی۔ یہ تجویز ٹرمپ نے ہفتہ کو پیش کی تھی اور نیوز ایجنسی رائٹرس کی ایک رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افسروں نے اس تجویز کو سنجیدگی سے لینے کا دعویٰ کیا ہے، حالانکہ حماس نے اس تجویز کو ابھی پوری طرح قبول نہیں کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حماس کو تین یرغمالیوں کو طے وقت کے اندر رہا کرنا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب تک اسرائیل خود معاہدے کا احترام نہیں کرتا، تب تک وہ بھی یرغمالیوں کو رہا نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل-حماس کے سلگتے معاملے میں ٹرمپ نے خود کو ایک ثالث کے طور پر پیش کیا ہے جو جنگ بندی کو ختم کرکے سبھی یرغمالیوں کو محفوظ مقامات پر لوٹانے کی کوشش میں ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سبھی فریق امن اور انسانیت کے لیے سنجیدہ فیصلہ کریں۔ حالانکہ اس دوران اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ کارروائی مسلسل جاری ہے، جس میں ہزاروں بے قصور فلسطینیوں کی جان جا چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔