نیپال طیارہ حادثے میں 68 افراد کی موت، پرچنڈ حکومت نے پیر کو قومی سوگ کا کیا اعلان

طیارے میں کل 68 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔ ان مسافروں میں 53 نیپالی، پانچ ہندوستانی، چار روسی، ایک آئرش، ایک آسٹریلوی، ایک ارجنٹائن، دو کورین اور ایک فرانسیسی شہری شامل تھے۔

<div class="paragraphs"><p>نیپال طیارہ حادثہ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نیپال طیارہ حادثہ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نیپال کے ضلع کاسکی میں ہولناک طیارہ حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق اس ہولناک حادثے میں اب تک 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دریں اثنا، نیپال کی حکومت نے مرنے والوں کے اعزاز میں پیر کے روز قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم بشنو پوڈیل نے کہا کہ کابینہ نے قومی سانحہ پر سوگ کے لیے پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا، امدادی کارکنوں نے اب تک پوکھرا میں یتی ائیرلائن طیارے کے حادثے کی جگہ سے 68 لاشیں نکالی ہیں۔ حکومت نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک پانچ رکنی ٹیم بھی تشکیل دی ہے، جس میں زیادہ تر مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ یتی ائیرلائن کا اے ٹی آر 72 طیارہ جس نے کھٹمنڈو سے پوکھرا کے لیے صبح 10.32 بجے اڑان بھری تھی، اتوار کی صبح شہر کے نیاگاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا۔ چین کی مدد سے بنائے گئے نئے پوکھرا ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارے میں آگ لگ گئی۔


اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس رودر تھاپا نے کھٹمنڈو پوسٹ کو بتایا کہ 25 لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پوکھرا کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ تھاپا نے کہا کہ پولیس کو صبح 11 بجے کے قریب حادثہ کا علم ہوا۔ کاسکی ضلعی پولیس دفتر میں پولیس انسپکٹر گیان بہادر کھڑکا نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔

یتی ائیرلائن کا طیارہ ریڈار سے غائب ہونے سے پہلے صبح 10.50 بجے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا تھا۔ یتی ایئرلائن کے ترجمان سدرشن برتولا نے بتایا کہ پرانے ہوائی اڈے اور پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے درمیان گر کر تباہ ہونے والے طیارے میں کل 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ مسافروں میں تین شیر خوار، تین بچے اور 62 بالغ تھے۔ مسافروں میں 53 نیپالی، پانچ ہندوستانی، چار روسی، ایک آئرش، ایک آسٹریلوی، ایک ارجنٹائن، دو کورین اور ایک فرانسیسی شہری شامل تھے۔


سی اے اے این نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ پوکھرا ہوائی اڈے پر دو ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ کھٹمنڈو میں اضافی ہیلی کاپٹر تیار ہیں۔ پوکھرا ہوائی اڈے کے ترجمان ٹیک ناتھ سیتولا نے نیشنل نیوز سمیتی کو بتایا کہ حادثے کے بعد پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے کو آج تمام آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر سیکورٹی اہلکار مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔